Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / ‘سیونی ’ کے بھارتی ریمیک پر علی عظمت، سلمان احمد کا ردعمل

‘سیونی ’ کے بھارتی ریمیک پر علی عظمت، سلمان احمد کا ردعمل

پاکستانی میوزیکل بینڈ جنون کے مقبول گانے ‘سیونی’ کا ریمیک بنانے پر بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز پر سخت تنقید کے بعد اب سیونی کے گلوکاروں کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

ٹی سیریز نے چند روز قبل ہی ‘سیونی’ کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی تھی، جسے اب تک32 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے لیکن اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

‘سیونی’ جیسے ہر وقت کے مقبول گانے کے ریمیک کو بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے، جو گلوکارہ نیہا ککڑ کی طرح ماضی کے مقبول گیتوں کی نقل اور ریمیک گانے سے شہرت رکھتے ہیں۔

یہ ریمیک اسی نام سے بننے والی بھارتی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے جو رومانٹک تھرلر فلم ہے۔

گانے کا ریمیک جوئے انجن نے بنایا ہے تاہم اس کے باوجود گانے کی دھن پرانے پاکستانی گانے جیسے ہی رکھی گئی ہے۔

اگرچہ ٹی سیریز نے ریمیک کی ریلیز میں پاکستانی گانے اور جنون گروپ کو کریڈٹ دیا لیکن پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی نے بھی گانے کے اس ورژن کو پسند نہیں کیا۔

مداحوں کی جانب سے ریمیک کو پسند نہ کرنے کے بعد پاکستانی گانے سیونی کے گلوکار علی عظمت نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گانے کی اصل ویڈیو شیئر کی۔

علی عظمت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سیونی گانے کی یہ ویڈیو ان کے مداحوں کے لیے ہے، انہوں نے گانے کو ریلیز کے برسوں بعد بھی پسند کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب گلوکار سلمان احمد نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں ‘ سیونی ’ کی ویڈیو جاری کی۔

سلمان احمد نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ جب میں کالج میں ہوتا تھا تو کیمپس میں ہر کوئی بولی وڈ یا مغربی گانے گارہا ہوتا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ اب بولی وڈ جنون کے گیت گارہا ہے۔

سلمان احمد نے مزید لکھا کہ سیونی، برصغیر میں سب سے زیادہ کور کیا جانے والا، پرفارم کیا جانے والا گانا بن گیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے تبدیلی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

‘سیونی’ کو ابتدائی طور پر سلمان احمد اور علی عظمت نے اپنی میوزیکل گروپ جنون کے ساتھ 1990 کی دہائی میں ریلیز کیا تھا۔

مذکورہ گانے کو جنون گروپ کے ‘آزادی’ ایلبم میں پیش کیا تھا، گروپ کے مذکورہ ایلبم نے دنیا بھر میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے۔

جنون گروپ کے اسی البم کے دیگر گانے بھی مقبول ہوئے تھے، جنہوں نے کئی سالوں تک موسیقی کے چاہنے والوں کو محظوظ کیا۔

ٹی سیریز کے ریمیک سے قبل کوک اسٹوڈیو نے بھی مذکورہ گانے کو 2017 میں نئے انداز میں پیش کیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو 10 میں ‘سیونی’ کو راحت فتح علی خان، علی نور اور زوئی وکاجی سمیت دیگر گلوکاروں نے گایا تھا تاہم اسے بھی ناپسند کیا گیا تھا۔

Check Also

ایرانی ہدایت کار محمد رسولوف کو 8 سال قید اور کوڑے مارنے کی سزا

ایران میں عدالت نے معروف ایرانی ہدایت کار محمد رسولوف کو 8 سال قید، کوڑے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *