Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / ’ڈیڑھ عشقیا‘ کے ’جان محمد‘ جنسی استحصال کیس میں ضمانت پر رہا

’ڈیڑھ عشقیا‘ کے ’جان محمد‘ جنسی استحصال کیس میں ضمانت پر رہا

بولی وڈ رومانٹک کامیڈی فلم ’ڈیڑھ عشقیا‘ میں عاشق نواب جان محمد کا کردار ادا کرنے والے بولی وڈ کامیڈین 57 سالہ وجے راز کو جنسی استحصال کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

وجے راز کو دو دن قبل ساتھی اداکارہ کا جنسی استحصال کرنے اور اسے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

وجے راز کو ان کی آنے والی فلم ‘شیرنی’ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

وجے راز پر ان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ایک اداکارہ نے جنسی استحصال کا الزام لگاکر ان کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی۔

خاتون کی شکایت پر ریاست مہاراشٹر کے شہر گوندیا کی پولیس نے وجے راز کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا، تاہم اب اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق وجے راز کو 4 نومبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں مقامی جج نے انہیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

وجے راز نے مجموعی طور پر 100 کے قریب فلموں میں اداکاری کی ہے—اسکرین شاٹ
وجے راز نے مجموعی طور پر 100 کے قریب فلموں میں اداکاری کی ہے—اسکرین شاٹ

پولیس نے تصدیق کی کہ عدالت کی جانب سے مشروط ضمانت کی درخواست منظور کیے جانے کے بعد اداکار کو رہا کردیا گیا۔

ساتھ ہی پولیس نے دعویٰ کیا کہ خاتون کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش کی تھی اور عینی گواہان نے تصدیق کی کہ اداکار نے 30 سالہ ساتھی اداکارہ کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔

پولیس میں مقدمہ درج کرواتے وقت 30 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ 57 سالہ اداکارہ انہیں تین دن تک ہر روز شام میں جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ اور وجے راز جس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، وہیں اداکار نے انہیں ہر روز شام کے وقت میں نامناسب انداز میں چھوا اور ان کا جنسی استحصال کیا۔

مقدمے میں بتایا گیا کہا تھا کہ جس ہوٹل میں واقعہ پیش آیا، وہاں فلم کی ٹیم کے دیگر 50 افراد اور معروف اداکارہ ودیا بالن بھی میں رہائش پذیر تھیں۔ خاتون کی جانب سے جنسی استحصال کے الزامات لگائے جانے پر تاحال وجے راز، ودیا بالن یا فلم شیرنی کی ٹیم کے کسی بھی رکن نے کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ وجے راز نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 100 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہیں زیادہ تر کامیڈی کردار ادا کرنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔

وجے راز نے زیادہ تر آرٹ فلموں میں کام کیا ہے، ساتھ ہی وہ کمرشل فلموں میں بھی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

وجے راز نے سال 2000 سے قبل اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے پہلی فلم سے ہی فلم سازوں کی توجہ حاصل کرلی تھی، تاہم انہیں شہرت 2001 کی فلم ‘مون سون ویڈنگ’ سے ملی۔

ان کی مشہور فلموں میں ‘عکس، کمپنی، کھیل، رن، ممبئی ایکسپریس، دیوانے ہوئے پاگل، ممبئی ٹو گووا، دھمال، ویلکم، منو رنجن، دہلی سکس، دہلی بیلے، کیا دلی کیا لاہور، اتا، پتا، لاپتا، گلی بوائے، ڈریم گرل، گلابو، ستابو اور لوٹ کیس’ شامل ہیں۔

وجے راز نے نصیر الدین شاہ، مادھوی ڈکشٹ، ارشد وارثی اور ہما قریشی کی رومانٹک فلم ’ڈیڑھ عشقیا‘ میں دل پھینک مسلمان نواب جان محمد کا کردار ادا کیا تھا۔

وہ فلم میں مادھوری ڈکشٹ پر فدا ہوتے ہیں اور ان کے عشق میں شاعری بھی کرتے ہیں۔

Check Also

ایرانی ہدایت کار محمد رسولوف کو 8 سال قید اور کوڑے مارنے کی سزا

ایران میں عدالت نے معروف ایرانی ہدایت کار محمد رسولوف کو 8 سال قید، کوڑے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *