Home / جاگو کھیل / باکسر کی ہلاکت، حکومت کا تمام غیر قانونی کھیل بند کرنے کا حکم

باکسر کی ہلاکت، حکومت کا تمام غیر قانونی کھیل بند کرنے کا حکم

 کراچی: 

سندھ حکومت نے کک باکسنگ مقابلے کے دوران باکسر اسلم خان کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے کر شہر میں ہونے والے تمام تر غیر قانونی کھیل بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔کک باکسنگ فائٹ کے دوران زخمی ہونے کے بعد جان سے ہاتھ دھوبیٹھنے والے کک باکسر محمد اسلم خان کو نماز جنازہ کے بعد بلوچستان کے ضلع پشین میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نوجوان باکسر کی موت کے بعد علاقے کی فضا سوگوار تھی۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے کک باکسر اسلم خان کی موت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باکسنگ میں جان جانے کا خطرہ ہوتا ہے حریف باکسر کا ایک مکا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اتفاقی واقعے میں قومی باکسر زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا جس کا مجھے بہت افسوس ہے میری معلومات کے مطابق مقابلے سے قبل مکمل طور پر طبی معائنے کے بعد باکسر کو فٹ قرار دیا گیا تھا، پروفیشنل کک باکسنگ مقابلوں کی قانونی حیثیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل( ر) ناصر اعجاز کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ہے پروفیشنل کک باکسنگ کا قومی باکسنگ فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں نہ ہی ان مقابلوں کی اجازت حاصل کی گئی تھی حکومت پاکستان ایسے مقابلوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے تاکہ قیمتی جانوں کا زیاں روکا جاسکے۔

سندھ حکومت کے مشیر کھیل بنگل خان مہر نے باکسر اسلم کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے کر شہر میں ہونے والے تمام تر غیر قانونی کھیل بند کرنے کے احکامات جاری کردیے،ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقابلے کرانے والے منتظمین کے خلاف کاروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے، واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

باکسرکی ہلاکت پرکسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا

کراچی کے نجی کلب میں کک باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے کک باکسر محمد اسلم خان کی ہلاکت کے واقعے سے متعلق باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان نے بتایا کہ واقعہ جمعے کی شب گلستان جوہر تھانے کی حدود میں نجی کلب میں پیش آیا تھا جہاں کک باکسر محمد اسلم خان دوران فائٹ پنچ لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور ہفتہ کے روز دوران علاج دم توڑگئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ جاں بحق کک باکسر ضلع پیشین کا رہائشی تھا انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور تحقیقات بھی کیں تحقیقات کے لیے باکسرکے اہلخانہ سے رابطہ بھی کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مرحوم باکسر کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ اگر کک باکسرکے اہل خانہ یا باکسنگ فیڈریشن رابطہ کرے گی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Check Also

سچن ٹنڈولکر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار نے خود کو گولی مارلی

بھارت کے سابق بیٹر سچن ٹنڈولکر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار نے خود کو مبینہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *