Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / ’ملالہ اور میرا موازنہ نہ کیا جائے‘ اے پی ایس حملے میں زخمی ہونے والے ولید خان

’ملالہ اور میرا موازنہ نہ کیا جائے‘ اے پی ایس حملے میں زخمی ہونے والے ولید خان

دسمبر 2014 میں خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) میں دہشت گردوں کے حملے میں 6 گولیاں لگنے کے باوجود خوش قسمتی سے بچ جانے والے ولید خان نے پاکستانیوں سے گزارش کی ہے کہ ان کا ’موازنہ‘ ملالہ یوسف زئی سے نہ کیا جائے۔

ولید خان ان کچھ خوشقسمت بچوں میں شامل ہیں، جو دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے سے محفوظ رہے اور حال ہی میں ان کا موازنہ نوبیل انعام یافتہ اور ماضی میں دہشت گردوں کا نشانہ بنے والی ملالہ یوسف زئی سے کیا جانے لگا تھا۔

ولید خان اور ملالہ یوسف زئی کا موازنہ گزشتہ چند دنوں میں اس وقت کیا جانے لگا جب کہ نوبیل انعام یافتہ کارکن سے متعلق خبریں آئیں کہ وہ برطانوی فیشن میگزین ’ووگ‘ کے جولائی کے شمارے کی سرورق کی زینت بنیں گی۔

ساتھ ہی ملالہ یوسف زئی کے ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کی جانب سے شادی سے متعلق متعلق کہی گئی متنازع بات کے بعد لوگوں نے نوبیل انعام یافتہ کارکن کا موازنہ ولید خان سے کرنا شروع کردیا تھا۔

سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ولید خان اور ملالہ یوسف زئی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان میں موازنہ کرنا شروع کردیا۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا گیا کہ کہ ملالہ یوسف زئی ایک دہشت گرد حملے کے بعد ملک سے باہر چلی گئیں اور اب برطانیہ میں مقیم ہے جب کہ ولید خان گولیاں کھانے کے باوجود پاکستان میں مقیم ہیں اور اسی اسکول میں جاکر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں ان پر حملہ کیا گیا تھا۔

ایسے موازنے کے بعد ولید خان نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں لوگوں سے التجا کی کہ ان کا اور ملالہ یوسف زئی کا موازنہ نہ کیا جائے اور یہ کہ وہ بھی علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں اور وہیں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ولید خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ ان کا اور ملالہ کا موازنہ نہ کیا جائے، کیوں کہ نوبیل انعام یافتہ کارکن ان سمیت دنیا اور ملک بھر کے لاکھوں نوجوانوں کی آئیڈیل ہیں۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ملالہ یوسف زئی کا خاندان ان کے اپنے خاندان کی طرح ہے اور انہوں نے ان کا اسی سفر میں ساتھ بھی دیا۔

ولید خان نے مزید لکھا کہ ہم سب کو ان افراد پر فخر کرنا چاہیے جو ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، نا کہ ان افراد کا آپس میں موازنہ کریں۔

ساتھ ہی ولید خان نے اپنی ٹوئٹ میں وضاحت کی کہ وہ پاکستان میں نہیں بلکہ برطانوی شہر برمنگھنم میں اپنے علاج کے لیے موجود ہیں اور وہیں وہ اپنی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے تمام افراد سے درخواست کی کہ برائے مہربانی کرکے ان کا اور ملالہ یوسف زئی کا آپس میں موازنہ نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو ان کی جانب سے شادی سے متعلق بیان دینے پر پاکستان میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کئی لوگ انہیں سازشی اور ایجنٹ بھی قرار دے رہے ہیں۔

ملالہ یوسف زئی نے ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر کسی انسان کو دوسرے انسان کا ساتھ چاہیے تو اس کے لیے لازمی نہیں کہ شادی کی جائے۔

ملالہ یوسف زئی کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم ان کے اسی بیان پر لوگوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا،جس کے بعد ان کے والد نے کہا تھا کہ میڈیا پر ان کی بیٹی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

Check Also

منوج باجپائی نے سلمان خان کو ’بڑے دل والا‘ کس وجہ سے کہا؟

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے سلمان خان کو ’بڑے دل والا‘ انسان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *