Home / جاگو بزنس / مالی سال 2021: 11 ماہ میں حکومتی قرض اور واجبات میں 12 فیصد اضافہ

مالی سال 2021: 11 ماہ میں حکومتی قرض اور واجبات میں 12 فیصد اضافہ

کراچی: حکومت کے مقامی قرضے اور واجبات مالی سال 2021 کے گیارہ ماہ کے دوران 12 فیصد اضافے کے بعد 267 کھرب 55 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ گزشتہ برس جون میں یہ 238 کھرب 76 ارب روپے تھے۔

حکومت نے مالی سال 2021 کے گیارہ ماہ کے دوران 28 کھرب 8 ارب روپے قرض لیا جس میں زیادہ تر رقم پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) اور مارکیٹ ٹریژری بلز (ٹی بلز) کے ذریعے آئی۔

مالی سال 2021 کے دوران پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز سے 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری بھی آئی اور ان بانڈز کی نیلامی کے ذریعے 14 کھرب 37 ارب روپے کا قرض لیا گیا۔

اسی طرح حکومت نے ٹریژری بلز کے ذریعے بھی بڑی رقم حاصل کی لیکن وہ پی آئی بیز سے کم ہے، پی آئی بیز بہتر ریٹرنز (مثلاً پی آئی بیز کے 10 سالہ بینچ مارک پر 10 فیصد ریٹرن) کی پیشکش کرتا ہے۔

چونکہ شرح سود ایک سال سے تبدیل نہیں ہوئی اس لیے سرمایہ کار مختصر مدت کے ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

مختصر مدت کی سرمایہ کاری کے فوائد کے باوجود پی آئی بیز میں بھاری سرمایہ کاری ہوئی جو 144 کھرب 30 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔

طویل المدتی پی آئی بیز کی سب سے بڑی رقم گزشتہ حکومت کے دور میں اکٹھی ہوئی جس نے مقامی قرضوں میں اضافہ کیا لیکن حکومت کو فوری ادائیگیوں سے بچا لیا اور موجودہ حکومت کے لیے مزید قرض لینے کی گنجائش پیدا کی۔

حکومت نے مالی سال 2021 کے گیارہ ماہ کے دوران 10 کھرب 8 ارب 40 لاکھ روپے اکٹھے کیے جو جون 2020 کے 50 کھرب 57 ارب 50 کروڑ روپے کے مقابلے میں مئی 2021 میں 60 کھرب 65 ارب 80 کروڑ روپے تک جا پہنچے۔

مجموعی قرضوں اور واجبات میں واجبات کی شمولیت اتنے نمایاں نہیں اور مالی سال 2021 تک حکومتی واجبات صرف 97 ارب روپے کے اضافے کے بعد 6 کھرب 89 ارب 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔

حکومت، کووِڈ 19 سے بری طرح متاثر ہونے والے غریبوں کو معاونت فراہم کرنے کے باوجود مالی خسارے کو مالی سال 2021 کی حد میں رکھنے میں کامیاب رہی۔

اس کے علاوہ حکومت مالی سال 2021 میں غیر متوقع طور پر 3.9 فیصد کی شرح نمو حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی جس نے اسے مالی سال 2022 میں پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے زیادہ رقم مختص کرنے کی ترغیب دی۔

Check Also

پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں، اسحٰق ڈار

وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *