Home / جاگو دنیا / روسی کمپنی نے مصر کے پہلے جوہری بجلی گھر کی تعمیر شروع کر دی

روسی کمپنی نے مصر کے پہلے جوہری بجلی گھر کی تعمیر شروع کر دی

روس نے کئی برس کی تاخیر کے بعد مصر کے پہلے جوہری پاور پلانٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔ 1950ء کی دہائی کے بعد یہ روس اور مصر کے درمیان تعاون کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

ایٹمی توانائی کے روسی ادارے روساٹوم اور حکومتِ مصر کی طرف سے جاری کردہ ایک مشترکا بیان کے مطابق روساٹوم کارپوریشن نے مصر میں پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پانچ سال پہلے مصر کے شمالی ساحلی علاقے الدّبا میں اس جوہری پلانٹ کی تعمیر سے متعلق ایک حتمی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

روسی نیوکلیئر انرجی کمپنی روساٹوم کے سربراہ الیکسی لیکاشیف اور مصر کے وزیر توانائی محمد شاکر نے 20 جولائی کو مشترکا طور پر اس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ مصری میڈیا کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 25 ارب یورو کی لاگت آئے گی جس کی ادائیگی روسی قرضے سے کی جائے گی ۔ یہ پلانٹ 1200 میگا واٹ کے 4 ری ایکٹرز پر مشتمل ہوگا۔

بیان کے مطابق الدّبا پلانٹ میں بھی اسی نوعیت کے پریشر واٹر ری ایکٹر استعمال کیے جائیں گے جو روس کے بعض معروف جوہری پاور پلانٹس میں نصب ہیں۔ مصر نے 1980ء کی دہائی میں الدّبا میں جوہری پلانٹ کی تعمیر پر غور کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن 1986ء میں چرنوبل ایٹمی بجلی گھر میں حادثے کے بعد اس منصوبے کو معطل کر دیا گیا تھا۔

مصری صدر السیسی نے 2014ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بجلی کی پیداواری صلاحیت کو تیزی سے بڑھانے پر توجہ دی۔ جرمن کمپنی سیمینز نے بھی مصر میں گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس تعمیر کیے ہیں۔ مصر مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کو بجلی کی ترسیل کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔ رواں برس مصر ماحولیات سے متعلق اقوام متحدہ کے ایک سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔

Check Also

برطانوی انتخابات: پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان پھر کامیاب

برطانوی عام انتخابات میں پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ سے ایک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *