Home / جاگو کھیل / پاکستان ٹیم شائقین کی توقعات پوری کرنے کیلئے بے چین ہے، شاہین آفریدی

پاکستان ٹیم شائقین کی توقعات پوری کرنے کیلئے بے چین ہے، شاہین آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ شائقین کی توقعات کا اندازہ ہے اور ہم سب ان توقعات کو پورا کرنے کے لیے بےچین ہیں۔

شاہین آفریدی نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شکست ہوتی ہے تو ہمیں اسے تسلیم کرنا چاہیے لیکن ٹیم کے لیے بہتر ہوگا کہ ہم اس سے سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دو میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں، ہم ابھی ٹورنامنٹ میں موجود ہیں، ہم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ بنانے کے لیے یہاں موجود ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ افغانستان کا چنئی میں یہ مسلسل دوسرا میچ ہے، اسے نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی، افغانستان نے اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے رکھی ہے لیکن ون ڈے انٹرنیشنل میں اس نے کبھی بھی پاکستان کو نہیں ہرایا ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے لہٰذا آپ کسی طور بھی اطمینان سے نہیں بیٹھ سکتے، افغانستان کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور اس نے انگلینڈ کو ہرایا ہے، ہمیں اس کے خلاف اپنی بہترین مہارت دکھانی ہوگی، ان کے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز ہیں تاہم ہماری ٹیم بیٹنگ اچھا کر رہی ہے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمیں مڈل اوورز اور کھیل کے بعد کے مرحلے میں ریورس سوئنگ پر توجہ رکھنی ہوگی، کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، اہم چیز کوشش کرنا اور فیلڈ میں انرجی دکھانا ہے اور یہ کہ آپ فیلڈنگ میں کتنا انجوائے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسامہ میر کا یہ ورلڈ کپ میں پہلا میچ تھا تاہم اس طرح کے کیچز اہم ہوتے ہیں لیکن آپ صرف ایک ڈراپ کیچ کی وجہ سے کسی پر الزام نہیں لگا سکتے، یہ ٹیم گیم ہے اور آپ ٹیم کی حیثیت سے جیتتے اور ہارتے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ ہر کوئی ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کل افغانستان کے خلاف اپنا پانچواں میچ کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں چنئی میں یہ پہلا میچ ہے جو ایم اے چدم برن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 4 میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔

Check Also

نیدرلینڈز اور ترکیے نے یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

نیدرلینڈز اور ترکیے نے یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، نیدرلینڈز نے رومانیہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *