Home / جاگو کھیل / ومبلڈن ٹینس؛ بارٹی41 برسوں میں پہلی آسٹریلوی چیمپئن

ومبلڈن ٹینس؛ بارٹی41 برسوں میں پہلی آسٹریلوی چیمپئن

لندن: 

ایشلیگ بارٹی 41 برسوں میں ومبلڈن سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی بن گئیں، انھوں نے فائنل میں کیرولینا پلسکووا کو ہرایا۔

سیزن کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا، گذشتہ روز ویمن سنگلز ٹرافی ورلڈ نمبرون ایشلیگ بارٹی نے قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کیخلاف 3-6، 7-6 (7/4)اور 3-6 سے کامیابی حاصل کی، یہ بارٹی کے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل رہا،وہ41 برسوں میں آل انگلینڈ کلب میں سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی بنیں

دوسری جانب نووک جوکووچ کی نگاہیں 20 ویں گرینڈ سلم ٹائٹل پر مرکوز ہیں، عالمی نمبرون اتوار کومینز سنگلز فائنل میں اطالوی حریف میٹیو بریٹینی کا سامنا کریں گے، سربیئن اسٹار ساتویں بار ومبلڈن اور مجموعی طور پر 30 واں گرینڈ سلم فائنل کھیلنے جا رہے ہیں،وہ کیریئر کا چھٹا ومبلڈن ٹائٹل جیت کر 20 ویں گرینڈ سلم ٹرافی کے ساتھ فیڈرر اور نڈال کا آل ٹائم ریکارڈ برابر کرنے کے آرزومند ہیں، ان تینوں کھلاڑیوں نے چوتھائی صدی سے عالمی ٹینس پر اجارہ داری قائم کررکھی ہے۔

34 سالہ جوکووچ سے زیادہ فیڈرر نے چیمپئن شپ کے میچز کھیلے تاہم سوئس ماسٹر ان سے عمر میں 5 برس بڑے بھی ہیں، جوکووچ رواں برس آسٹریلین اور فرنچ اوپن ٹائٹلز بھی اپنے نام کرچکے، فائنل میں ان کے حریف 25 سالہ میٹیو عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہیں، وہ ومبلڈن فائنل تک پہنچنے والے پہلے اطالوی کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔

اگر اتوار کو جوکووچ کو ہرا دیا تو پھر 45 برس بعد گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے دوسرے اطالوی کھلاڑی بن سکتے ہیں، ہم وطن ایڈریانا پیناٹا نے 1976 میں فرنچ اوپن ٹرافی اپنے نام کی تھی، میٹیو اس سے قبل جوکووچ سے دونوں باہمی مقابلوں میں شکست کھا چکے ہیں،اس میں گذشتہ ماہ رولینڈ گیروس کا کوارٹر فائنل بھی شامل ہے۔

 

Check Also

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ پر سوچ بچار جاری

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *