Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / سماجی رہنما پروین رحمٰن کی زندگی پر بنی فلم ریلیز

سماجی رہنما پروین رحمٰن کی زندگی پر بنی فلم ریلیز

اورنگی پائلٹ پروجیکٹ (او پی پی) کی مقتول سربراہ سماجی رہنما پروین رحمٰن کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم کو ایمازون ویڈیو پر جاری کردیا گیا۔

ایوارڈ یافتہ برطانوی فلم ساز اورلینڈو وون انسیڈل کی ہدایت کردہ فلم کو ایمازون ویڈیو پر رواں ماہ 24 اگست کو جاری کیا گیا۔

مختصر دورانیے کی فلم میں پروین رحمٰن کا کردار بھارتی اداکارہ اندو شرما نے ادا کیا ہے جب کہ سماجی رہنما کی بڑی بہن عقیلہ اسماعیل کا کردار برطانوی نژاد اداکارہ سدھا بھچر نے ادا کیا ہے۔

فلم کی کہانی پروین رحمٰن کی جدوجہد اور ان کے قتل کے بعد ان کی بڑی بہن عقیلہ اسماعیل کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کاسٹ اور پروڈکشن ٹیم کے زیادہ تر ارکان کا تعلق بھارت اور برطانیہ سے ہے، تاہم پاکستانی ارکان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

’ان ٹو ڈسٹ‘ نامی فلم کی کہانی بھی برطانوی لکھاری نے لکھی ہے اور اسے کافی سراہا جا رہا ہے ۔

’ان ٹو ڈسٹ ‘ کو جہاں ایمازون پرائم پر ریلیز کیا گیا، وہیں 30 اگست کو اسے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) میں بھی دکھایا گیا ۔

آئی بی اے میں فلم کی نمائش میں معزز سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی جب کہ پروین رحمٰن کی بہن عقیلہ اسماعیل نے بھی شرکت کی۔

ڈان اخبار کے مطابق اسکریننگ کی تقریب میں پروین رحمٰن کے قتل کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر عمر شاہد بھی شریک ہوئے۔

’ان ٹو ڈسٹ ‘ کی اسکریننگ کے موقع پر آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) اکبر زیدی نے فلم میں پروین رحمٰں کے قریبی ساتھی آرکیٹک عارف حسن کو نہ دکھانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں پروین رحمٰن کی زندگی پر پہلے بھی ڈائریکٹر مہرا عمر نے ’پروین رحمٰن: دی ربل آپٹیمسٹ‘ نامی دستاویزی فلم بنائی تھی، جس نے عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

پروین رحمٰن کو 13 مارچ 2013 کو کراچی میں فائرنگ کرکے اس وقت ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ دفتر سے اپنے گھر کی جانب جارہی تھیں۔

Check Also

ہانیہ عامر نے عائزہ خان کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستانی ڈمپل گرل اداکارہ ہانیہ عامر نے ساتھی فنکارہ عائزہ خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *