Home / جاگو صحت / انسان کا ’نارمل‘ درجہ حرارت تیزی سے کم ہوتا جارہا ہے، تحقیق

انسان کا ’نارمل‘ درجہ حرارت تیزی سے کم ہوتا جارہا ہے، تحقیق

سانتا کلارا: 

جنوبی امریکا کے ملک بولیویا میں 16 سال پر محیط ایک تحقیقی مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ صحت مند انسان کا جسمانی درجہ حرارت صرف کم نہیں ہورہا بلکہ مسلسل کم ہوتا جارہا ہے۔دلچسپی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ مطالعہ بولیویا کے علاقے ’’سیمانی‘‘ (Tsimane) میں رہنے والے قبائلیوں پر کیا گیا ہے۔ ان میں سے بیشتر غریب چرواہے یا کسان ہیں اور جنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات بھی مشکل ہی سے میسر ہیں۔

اس مطالعے میں گزشتہ 16 سال کے دوران سیمانی قبائل کے 5,500 بالغ افراد کے جسمانی درجہ حرارت کا ریکارڈ کھنگالا گیا جو ایک طویل مدتی مقامی منصوبے ’’سیمانی ہیلتھ اینڈ لائف ہسٹری پروجیکٹ‘‘ کے تحت باقاعدگی سے نوٹ کیا جارہا ہے۔

اگرچہ اس سے پہلے 2017 اور 2019 میں بالترتیب برطانیہ اور امریکا میں کی گئی تحقیق سے یہی بات سامنے آچکی ہے لیکن تب یہ خیال کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک ترقی یافتہ ہیں جہاں عام لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات حاصل ہیں جبکہ نسبتاً صاف ستھرے ماحول کی وجہ سے بھی انہیں بیماریوں کا سامنا بہت کم کرنا پڑتا ہے۔

تاہم سیمانی قبائل پر ہونے والی تحقیق نے معاملہ الجھا دیا ہے۔ ماہرین کو معلوم ہوا کہ سیمانی قبائل میں صحت مند بالغ افراد کا جسمانی درجہ حرارت پچھلے 16 سال سے مسلسل گرتا جارہا ہے جو آج 97.7 ڈگری فیرن ہائیٹ تک گرچکا ہے۔

آج ایک صحت مند بالغ انسان کا اوسط جسمانی درجہ حرارت 98.6 ڈگری فیرن ہائیٹ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو سیمانی قبائل کے جسمانی درجہ حرارت میں پچھلے 16 سال کے دوران 0.056 ڈگری فیرن ہائیٹ سالانہ کے حساب سے کمی ہورہی ہے۔

البتہ اس مطالعے کے سربراہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سانتا باربرا میں بشریات کے پروفیسر، ڈاکٹر مائیکل گروِن کا کہنا ہے کہ یہاں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ تقریباً دس سال پہلے شروع ہوا جو آج تک جاری ہے۔ اس لحاظ سے جسمانی درجہ حرارت میں کمی کا اوسط 0.09 ڈگری فیرن ہائیٹ سالانہ بنتا ہے۔

ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ فی الحال اس سوال کا کوئی جواب ماہرین کے پاس موجود نہیں۔

اس سوال کا جواب جاننے کےلیے ضروری ہے کہ یہی تحقیق مزید آگے بڑھائی جائے اور مختلف ملکوں میں اوسط جسمانی درجہ حرارت کا تفصیلی جائزہ مرتب کیا جائے۔

Check Also

بلڈ ٹیسٹ سے فالج کے خطرات کی نشاندہی کرنا ممکن

امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *