Home / جاگو دنیا / ‘بھارتی فورسز سے مقابلہ’، 3 کشمیری نوجوان قتل

‘بھارتی فورسز سے مقابلہ’، 3 کشمیری نوجوان قتل

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جبکہ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ مقابلے میں 4 فوجی بھی مارے گئے۔

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے دعویٰ کیا کہ اتوار کو فوج کے گشت کے دوران صبح سویرے لائن آف کنٹرول کے ساتھ کچھ مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ فوجی دستوں کو علاقے میں بھیجا گیا تھا اور نگرانی کے آلات کے ذریعے اس نقل و حرکت کا پتا لگایا گیا تھا۔

بھارتی فورسز کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کے مقابلے میں ’3 شدت پسند مارے گئے‘ البتہ ہندوستانی فوج کے اہلکار کے اس بیان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جا سکی۔

قابل غور بات یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی فوج کی جانب سے ‘عسکریت پسند’ قرار دے کر درجنوں شہریوں کو جاں بحق کیا جاچکا ہے۔

کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے چار اہلکار ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کپواڑہ میں لڑائی مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوئی اور وقفے وقفے سے گھنٹوں تک جاری رہی۔

دوسری جانب کشمیری میڈیا سروس نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ واقعے کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تین نوجوانوں کو شہید کردیا اور ان میں سے ایک نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مارا گیا۔

رواں سال اپریل کے بعد لائن آف کنٹرول کے ساتھ بھارتی فوج کی ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس واقعے سے قبل اپریل میں پانچ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور اتنی ہی تعداد میں شہریوں کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔

Check Also

بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ

بھارت کے شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش ملنے کے بعد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *