Home / جاگو کھیل / بورڈ کا کراچی میں تشہیری مہم چلانے سے گریز

بورڈ کا کراچی میں تشہیری مہم چلانے سے گریز

کراچی:

پی ایس ایل 6 میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا مگر پی سی بی نے کراچی میں کوئی تشہیری مہم نہیں چلائی جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھی گذشتہ سال کے بورڈز نصب ہیں۔پی ایس ایل 6 کا افتتاحی میچ 20 فروری کو کھیلا جائے گا، مگر کراچی میں لیگ کے حوالے سے تشہیری مہم منقود نظر آرہی ہے، حیران کن طور پر نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت اور مختلف مقامات پر ہنوز پی ایس ایل 2020 کے دیو قامت سائن بورڈز آویزاں ہیں، چھٹے ایڈیشن کا ایک بھی سائن بورڈ نصب نہیں کیا جا سکا۔

دوسری جانب لیگ میں شرکت کیلیے غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کی پاکستان آمد کا سلسلہ ہفتے کو بھی جاری رہا۔ کراچی کنگز کے جو کلارک بھی لیگ میں شرکت کے لیے شہر قائد کے مہمان بن گئے، پشاور زلمی کے روی بوپارا نے بھی روشنیوں کے شہر کو اپنا عارضی مسکن بنالیا۔

ادھر پیر سے شروع ہونے والے پریکٹس سیشنز اور میچز کیلیے مجموعی طور پر 18 پچزکی تیاری کا سلسلہ ہفتے کو بھی جاری رہا،اسپن، فاسٹ، بیٹنگ  اور باؤنسی پچز تیار کر لی گئیں، ایک پچ پر سنگ مرمر بھی نصب کیا گیا ہے۔

تماشائیوں کیلیے اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژر کی صفائی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے، احاطے میں فوڈ اسٹالز لگانے کا بھی آغاز ہوگیا، اتوار کو اسٹیڈیم کو حفاظتی تحویل میں لے لیا جائے گا، دیواروں پرخاردار آہنی تاریں لگائی جا رہی ہیں، مینوئل اسکور بورڈ کے نئے باکسز تیار کرلیے گئے۔

ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم لانے  اور واپس لے جانے کی  ریہرسل بھی ہوئی، میچز میں ذمہ داریاں ادا کرنے والے میڈیا نمائندوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ لیے گئے۔

Check Also

کیا ویرات کوہلی بیٹی کو کرکٹر بنانا چاہتے ہیں؟

بھارتی معروف کرکٹر ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی بیٹی وامیکا اُن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *