Home / جاگو پاکستان / کراچی ضمنی انتخاب: دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار پھر فاتح قرار

کراچی ضمنی انتخاب: دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار پھر فاتح قرار

کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حلقہ این اے 249 کے 276 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کرلیا جس میں پیپلز پارٹی کے اُمیدوار ایک مرتبہ پھر فاتح قرار پائے ہیں۔

29 اپریل کو پولنگ کے دن پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے 16 ہزار 106 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ عارضی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسمٰعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مفتاح اسمٰعیل کی درخواست پر ای سی پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

ابتدا میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اُمیدواروں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا جبکہ پیپلز پارٹی اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدواروں سمیت 8 دیگر امیدواروں نے اس عمل میں حصہ لیا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 3 ہزار 162 ووٹ مسترد ہوئے۔

نتائج سے پتا چلتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 15 ہزار 656، مسلم لیگ (ن) کو 14 ہزار 747، ٹی ایل پی کے نذیر کو 10 ہزار 668، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال کو 8 ہزار 728، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی کو 8 ہزار 681 ووٹ، ایم کیو ایم پی کے حافظ مرسلین کو 7 ہزار 7 ووٹ ملے۔

اس سے قبل ، پی پی پی کے امیدوار نے 633 ووٹوں کے فرق سے یہ نشست جیت لی تھی لیکن دوبارہ گنتی میں ان کی کامیابی کا مارجن بڑھ کر 909 ہو گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ووٹس میں 273 کا مزید اضافہ ہوا۔


Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *