Home / جاگو پاکستان / مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام انسانی اقدار کی دھجیاں بکھیر دیں، چیئرمین سینیٹ

مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام انسانی اقدار کی دھجیاں بکھیر دیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی افواج کے حملے پر عالمی پارلیمانی سربراہان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے پارلیمانی سربراہان کو خطوط لکھے ہیں جن میں مسجد الاقصیٰ کے نہتے فلسطینی نمازیوں پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔

صادق سنجرانی نے خطوط میں مسجد الاقصیٰ میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوجیوں کے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سربراہان سے مخاطب ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ ‘آپ کی توجہ ماضی قریب میں مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کی جانب دلاتا چاہتا ہوں، مسجد الاقصیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس جگہ ہے، اس اقدام سے تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں’۔

اپنے خطوط میں چیئرمین سینیٹ نے لکھا ہے کہ ‘رمضان المبارک میں اسرائیلی افواج کا نمازیوں پر حملہ انسانی حقوق اور عالمی انسانی قوانین کے خلاف ورزی ہے، مسجد الاقصیٰ میں نمازوں پر ظلم و بربریت نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ کسی مذہب کے لیے قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سربراہان پارلیمنٹ اس ظالمانہ اقدام کی مذمت اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اسرائیلی افواج کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر مسلسل کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں 300 فلسطینی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد حماس نے اسرائیل میں درجنوں راکٹس فائر کیے تھے جس کے بعد غزہ کی محصور پٹی میں اسرائیل کے حملے میں حماس کے کمانڈر سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسرائیل کے ان حملوں کی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔

اسرائیلی پولیس اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں میں شدت کے بعد تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ یروشلم میں ہونے والے حملے نے کشیدگی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

اسرائیلی پولیس اور فلسطینی شہریوں میں تازہ جھڑپوں کی ابتدا اس وقت ہوئی تھی جب مشرقی یروشلم میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے وہاں بسنے والے چند فلسطینی خاندانوں کو بےدخل کرنے کی کوشش کی گئی۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *