Home / جاگو پاکستان / تمام ادارے ایک پیج پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے، وزیر داخلہ

تمام ادارے ایک پیج پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے، سندھ پولیس کو جس قسم کا اسلحہ درکار ہوگا وہ انہیں دیا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سندھ چاہے تو پولیس کے ساتھ بیک اپ کے لیے رینجرز بھی تیار ہیں اور انہیں ڈرونز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ، حکومت سندھ کے ساتھ مل کر ڈاکو راج کا خاتمہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس مسئلے سے فی الحال خود نمٹنا چاہتے ہیں لیکن امن صوبے اور مرکز کا مشترکہ مسئلہ ہے کیونکہ یہ انسانی جانوں کا مسئلہ ہے اور اس میں صوبے یا مرکز کی بات نہیں ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور رکن سندھ اسمبلی سے ملاقات ہوئی، سندھ میں پی ٹی آئی کو جو بھی تحفظات ہیں ان سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کروں گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میں نے نادرا والوں کو بلا کر خبردار کیا کہ وہ صرف نوکریوں سے نہیں جائیں گے بلکہ قانون کے تحت ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے جعلی اور غلط شناختی کارڈ بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی مہینے کے آخر میں نادرا میں کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبہ سندھ کے مسئلے پر میں ایک سے 2 روز میں وزیراعظم کو رپورٹ جمع کرادوں گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں جو باتیں چل رہی ہیں یہ غیرذمہ درانہ ہے، نہ تو ہماری کوئی آپریشنل سوچ ہے، نہ کسی نے گورنر راج کی بات کی ہے اور نہ ہی وزیراعظم مرکز کی طرف سے سندھ میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے سے متعلق حال ہی میں، میری جن اداروں سے ملاقات ہوئی ان کا خیال ہے کہ کچے کے علاقے میں ایسے لوگ بھی ملوث ہیں جن کی سیاسی دلچسپی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سیاسی گروہ بندی سے بالاتر ہو کر قابل افسران کو کچے کے علاقے میں تعینات کیا جائے گا، میں خود بھی کچے کے علاقے کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں کوئی بھی بڑا نام ملوث پایا گیا تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزارت داخلہ کا اس ضمن میں کیے جانے والے کسی آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، اگر رینجرز کی ضرورت پڑے گی تو ہم بھیج دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام اسکینڈلز کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور کوشش ہے کہ اگلے الیکشن میں بھی عمران خان کی حکومت آئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ بچپن سے اچھے تعلقات ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد گزشتہ روز امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے۔

دورے کے دوران شیخ رشید نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کراچی میں سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار حسن چوہدری سے ملاقات کی تھی اور کراچی میں امن و امان کے لیے رینجرز کے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کہا تھا کہ جس چیز کی ضرورت ہو وزارت داخلہ مہیا کرے گی، رینجرز حاضر ہے سندھ حکومت جب چاہے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں اس کی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *