Home / جاگو صحت / زچہ و بچہ کی صحت میں چین نے غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں، عالمی ماہرین

زچہ و بچہ کی صحت میں چین نے غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں، عالمی ماہرین

بیجنگ:

طبّی ماہرین کے ایک عالمی پینل کا کہنا ہے کہ چین نے گزشتہ 70 سال کے دوران زندگی کے تمام شعبوں میں زبردست ترقی کے ساتھ ساتھ زچہ و بچہ کی صحت کے حوالے سے بھی غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔یہ اعتراف دنیا کے مشہور و معتبر طبّی تحقیقی مجلے ’’دی لینسٹ‘‘ کے تازہ شمارے میں ’’لینسٹ کمیشن‘‘ کے تحت شائع ہونے والی ایک تفصیلی رپورٹ میں کیا گیا ہے جو مرڈوک چلڈرنز ہاسپٹل، آسٹریلیا کے پروفیسر جارج پیٹن کی سربراہی میں مرتب کی گئی ہے۔

رپورٹ میں حاملہ خواتین، زچہ اور نوزائیدہ بچوں کی صحت و زندگی سے متعلق 70 سالہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے جو 1949 سے 2019 کا احاطہ کرتے ہیں۔

اس رپورٹ کا خلاصہ یہ ہے کہ چین میں زچگی کے وقت مرنے والی خواتین کا تناسب 1949 میں ایک لاکھ میں سے 1500 جتنا تھا جو 2019 تک کم ہو کر ایک لاکھ میں صرف 17.8 رہ گیا۔

دوسری جانب چین میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی شرحِ اموات 1949 میں ہر 1000 میں سے 200 پر تھی جو 2019 تک کم ہوتے ہوتے محض 5.6 فی 1000 رہ گئی۔

علاوہ ازیں خواتین کی تولیدی، حمل کے دوران، زچگی کے وقت اور زچگی کے بعد عمومی صحت کے علاوہ بچوں میں بھی پیدائش سے لے کر بلوغت میں قدم رکھنے تک صحت سے متعلق 70 سالہ اعداد و شمار بھی اس تجزیئے میں شامل کیے گئے۔

ان تمام حوالوں سے بھی چین نے غیرمعمولی ترقی کرتے ہوئے خود کو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر بنایا ہے۔

رپورٹ میں سرکاری سطح پر اس عزم کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو اس متعلق پالیسیاں بنانے اور ان پالیسیوں پر عملدرآمد میں بھی نمایاں نظر آتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج چین میں صحت سے متعلق سہولیات کا موازنہ کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے کیا جاسکتا ہے جبکہ وہاں بلند معیار کی حامل طبّی سہولیات کی مانگ میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو وہاں صحت کے شعبے میں زبردست ترقی کی غماز ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین اور بچوں کی صحت کے بنیادی مسائل تقریباً مکمل حل کرنے کے بعد، جدید چین کو آج نئے چیلنجوں کا سامنا ہے جن کا تعلق چھوٹے بڑے بچوں میں نفسیاتی مسائل، وقتاً فوقتاً سر اُٹھانے والی وباؤں اور خواتین کی عمومی صحت وغیرہ سے ہے۔

زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق دیگر اہداف 2030 تک حاصل کرنے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کم آمدنی والے دوسرے ممالک کو بھی چین کی طرز پر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

Check Also

بلڈ ٹیسٹ سے فالج کے خطرات کی نشاندہی کرنا ممکن

امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *