Home / جاگو بزنس / سرمایہ کار ملکی سلامتی کی صورتحال سے مطمئن ہیں، سروے

سرمایہ کار ملکی سلامتی کی صورتحال سے مطمئن ہیں، سروے

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی)، جو 200 بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم ہے، کے سالانہ سیکیورٹی سروے 2021 کے مطابق ایک سال میں پاکستان میں سلامتی کی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہوئی ہے۔

سروے کے مطابق لاہور میں خاص طور پر سیکیورٹی ماحول میں 61 فیصد بہتری آئی، خیبر پختونخوا میں 59 فیصد، پنجاب کے دیگر اضلاع میں 53 فیصد اور کراچی میں 51 فیصد بہتری دیکھی گئی ہے۔

چند اراکین کی جانب سے خصوصاً کراچی میں بڑھتے ہوئی اسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔

سروے مئی سے جون 2021 کے دوران کیا گیا، کم و بیش دو تہائی او آئی سی سی آئی اراکین کے ہیڈ آفسز کراچی میں موجود ہیں جو یہاں سے پورے ملک میں کام سرانجام دے رہے ہیں۔

جواب دہندگان میں سے 62 فیصد کے لیے سیکیورٹی، اب بھی تین بڑے خدشات میں سے ایک ہے، 2020 کے سروے میں 70 فیصد جواب دہندگان نے اسے تشویش کا پہلو قرار دیا تھا۔

مارچ 2020 سے جاری کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کے باوجود او آئی سی سی آئی سے منسلک بین الاقوامی افراد نے گزشتہ ایک سال کے دوران دورے جاری رکھے لیکن ان کی تعداد کم رہی۔

ان بین الاقوامی تجارتی مندوبین کا تعلق چین، برطانیہ، امریکا، جرمنی، جاپان، متحدہ عرب امارات اور دیگر یورپی و ایشائی ممالک سے ہے۔

سروے میں سنجیدہ جرائم کی شرح سے متعلق 87 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ سال کے دوران جرائم کم ہوئے ہیں یا یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اسی طرح 75 فیصد جواب دہندگان نے کراچی میں جرائم کی شرح کم ہونے یا گزشتہ سال کے دوران ایسا کوئی مسئلہ نہ ہونے کا اظہار کیا۔

اسی طرح 89 فیصد، 75 فیصد اور 73 فیصد جواب دہندگان نے بالترتیب خیبر پختونخوا، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں جرائم کم ہونے یا ایسا کوئی مسئلہ نہ ہونے کا اظہار کیا۔

گزشتہ سال 7 فیصد کے مقابلے میں 17 فیصد سرمایہ کاروں نے رواں سال کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں اضافے کا اشارہ دیا جبکہ 5 فیصد جواب دہندگان نے ملک کے دیگر شہروں لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں اضافے کا اشارہ دیا۔

سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ‘او آئی سی سی آئی’ عرفان صدیقی نے کہا کہ ‘ملک میں کام کرنے والے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا سیکیورٹی کے ماحول پر مثبت تاثر اطمینان بخش ہے، اس سے دیگر ممکنہ سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام پہنچتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سیکیورٹی ماحول میں بہتری لانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے اہم ضرورت ہے۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *