Home / جاگو دنیا / بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں: غزہ ڈاکٹرز

بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں: غزہ ڈاکٹرز

غزہ: ڈاکٹروں نے دہائی دی ہے کہ وہ غزہ میں بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلانے پر مجبور ہیں، دنیا مدد کرے۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ کے ڈاکٹرز نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے، دودھ نہیں ہے اور ہم بچوں کی جان بچانے کے لیے چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں۔

کمال عدوان اسپتال کے ڈاکٹرز نے کہا کہ نومولود بچے بھوک سے نڈھال ہیں، دنیا ان بچوں پر رحم کرے، یونیسیف کا کہنا ہے کہ خوراک نہ ہونے سے ہر لمحہ بچوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے۔ یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے ’’فوری جنگ بندی‘‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ’’مہلک‘‘ غذائی قلت کا سامنا ہے۔

دوسری طرف اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، رفح، دیر البلح اور خان یونس میں رات گئے حملوں کی اطلاع کے ساتھ غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ رفح میں بمباری سے 11 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ شمالی غزہ میں مکانوں پر بمباری کی گئی جس میں 4 فلسطینی شہید ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے رفح میں حملے کو اشتعال انگیز اور ناقابل بیان قرار دیا۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30,320 فلسطینی شہید اور 71,533 زخمی ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے، اور غزہ میں جنگ بند کرنے اور غزہ والوں کو جینے دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، اسکاٹ لینڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور غزہ میں نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا۔

واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ امریکی حکومت اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنا بند کرے، ہزاروں اسرائیلوں نے بھی یروشلم کی جانب مارچ کیا، تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف بڑا احتجاج کیا گیا، ملائشیا میں بھی بچوں کے علامتی جنازے اٹھا کر مارچ کیا گیا۔

Check Also

بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ

بھارت کے شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش ملنے کے بعد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *