Home / تازہ ترین خبر / عمران خان پر بھی حلف کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے: شاہد خاقان

عمران خان پر بھی حلف کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے: شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر ہم پر غداری کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے تو وزیراعظم عمران خان پر بھی حلف کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سیاستدانوں کے دبانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، ہمارے کیسز میں کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا ذکرہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب یکطرفہ احتساب کررہا ہے اور پورے ملک میں تماشا لگا ہوا ہے، پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے، نیب چلائیں یا پاکستان چلائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب نیب کے کیسز پیچھے رہ گئے ہیں، اب تو غداری کے کیسز بن رہے ہیں، رات کے ڈھائی بجے پرچے درج کرائے جاتے ہیں، رات کے اندھیرے میں پاکستان کے آدھے سیاست دانوں پرغداری کا مقدمہ درج کیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ اگر غداری کا مقدمہ ہم پر درج ہوسکتا ہے تو حلف کی خلاف ورزی کا مقدمہ عمران خان پر بھی درج ہوسکتا ہے، وزیراعظم کہتے ہیں کہ وہ جمہوری ہیں، یہ بات عمران خان کو کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارا وزیراعظم بے خبر شخص ہے، اس کو چینی اور آٹے کی قیمت کا پتا نہیں، عمران خان کو ملکی معیشت کا کچھ نہیں پتا، وزیراعظم اتنا ایماندارہے کہ جزیروں پرقبضے ہورہے ہیں، ایسے ایماندار سے ہمیں دور رکھیں، الیکشن کبھی تباہ کن نہیں ہوتے، موجودہ حکومت کو جانا پڑے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ شاہدرہ تھانے درج کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

بعدازاں لاہور پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں نواز شریف کے علاوہ دیگر تمام لیگی رہنماؤں کے نام نکال دیے تھے۔

پولیس نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، لیفٹننٹ جنرل عبدالقیوم، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمذی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *