Home / جاگو کھیل / پاکستان کیریبیئن جارحیت پر لگام ڈالنے کیلیے کوشاں

پاکستان کیریبیئن جارحیت پر لگام ڈالنے کیلیے کوشاں

 لاہور:

پاکستان کیریبیئن جارحیت پر لگام ڈالنے کیلیے کوشاں ہے لہٰذا سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے آغاز میں ہی بارشوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا،ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پریکٹس سیشنز متاثر ہوئے، کورونا وائرس کی وجہ سے میزبان ٹیم کے آسٹریلیا سے ون ڈے میچز ری شیڈول ہوئے تو پاکستان کا ایک مقابلہ کم کر دیا گیا۔

بارباڈوس میں پہلے میچ میں بارش کی مداخلت کے سبب صرف میزبان ٹیم کی9اوورز پر مشتمل اننگز مکمل ہو سکی تھی،پاکستان کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج گیانا میں کھیلا جائے گا۔

پہلے مقابلے میں گرین شرٹس نے مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کے لیے 4 اوپنرز شامل کیے تھے، اگر محمد حفیظ کو بھی شمار کریں تو یہ تعداد 5 ہو جاتی ہے۔ اس منفرد کمبی نیشن کو آزمانے کا موقع جمعے کو ملے گا، پراویڈنٹس اسٹیڈیم میں معرکے کیلیے پاکستانی الیون میں تبدیلیوں کا امکان نہیں لگتا، تیسرے نمبر پر صہیب مقصود کے ناکام ہونے کی وجہ سے بابر اعظم نے یہ خلا خود بھرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کپتان کی جگہ جارح مزاج اوپنر شرجیل خان اننگز کا آغاز کریں گے،ان کے ساتھ ان فارم محمد رضوان کریز سنبھالیں گے،گذشتہ کئی میچز میں کوئی بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے محمد حفیظ کو اعتماد کی بحالی کا ایک اور موقع ملے گا، فخر زمان و اعظم خان کو پانچویں اور چھٹے نمبر پر آزماتے ہوئے پاور ہٹنگ کی امیدیں وابستہ کرلی گئیں۔

شاداب خان کا بطور آل راؤنڈر کردار اہم ہوگا،اسپین کے شعبے میں عثمان قادر اور محمد حفیظ بھی ساتھ دیں گے،تجربہ کار حسن علی پیس بیٹری کی جان ہیں، شاہین شاہ آفریدی کو اپنی لائن و لینتھ بہتر بنانے کا چیلنج درپیش ہوگا،محمد وسیم جونیئر نے ڈیبیو میچ میں اچھا تاثر چھوڑا، انھوں نے خطرناک گیند پر لینڈل سمنز کو ریٹائرڈ ہونے پر مجبور کرنے کے ساتھ کرس گیل کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کی، کیریبیئن کنڈیشنز ان کی بولنگ کے لیے سازگار نظر آ رہی ہیں، بہتر کارکردگی وسیم کا ورلڈکپ اسکواڈ کیلیے کیس مضبوط کرسکتی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بڑے اسکور کرنے والی ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن پاکستان سے پہلے میچ میں زیادہ پْراعتماد نظر نہیں آئی،زیادہ تر بیٹسمین 1یا2 بڑے اسٹروکس کھیل کر پویلین واپسی کا سفر اختیار کرتے رہے۔

کرس گیل، ایون لیوس، نکولس پوران، آندرے رسل، شیمرون ہیٹمائر گذشتہ ناکامی کا ازالہ کرتے ہوئے اس بار چھکے چھڑانے کے لیے بے تاب ہوں گے، ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے لینڈل سمنز کا خلا پْرکرنے کیلیے آندرے فلیچر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، ممکن ہے کہ کرس گیل کو اوپنر کے طور پر بھیج کر فلیچر کو مڈل آرڈر میں کھلایا جائے۔

کپتان کیرن پولارڈ اور جیسن ہولڈر بیٹ اور گیند دونوں سے تہلکہ مچا سکتے ہیں، اسی طرح کی صلاحیتوں کے مالک ڈیوائن براوو بھی ہیں،ہیڈن واش کی گگلی پاکستانی بیٹسمینوں کیلیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

سپورٹنگ پچ پر بیٹسمینوں اور بولرز کیلیے کارکردگی دکھانے کے یکساں مواقع ہوں گے،دن میں وقفوں سے بارش کی پیشگوئی ہے،میچ وقت پر شروع ہونے کا امکان ہے مگر بعد ازاں دوسری اننگز میں موسم کی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Check Also

کیا ویرات کوہلی بیٹی کو کرکٹر بنانا چاہتے ہیں؟

بھارتی معروف کرکٹر ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی بیٹی وامیکا اُن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *