Home / تازہ ترین خبر / شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 4 جوان شہید

شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 4 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے نام سے ہوئی جبکہ دہشت گردوں کے پاس سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

تاہم آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے حوالدار منور، لکی مروت کے رہائشی سپاہی ذکااللہ، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی فرحان اور ایبٹ آباد کے رہائشی سپاہی شیراز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر کو بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 2 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’سیکیورٹی فورسز ایسے دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں جن کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے‘۔

قبل ازیں 14 دسمبر کو پاک ۔ ایران سرحد کے قریب قائم چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

13 نومبر کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں انٹیلی جنس اطلاع ملنے پر ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی شہید ہوئے تھے۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *