Home / تازہ ترین خبر / بلوچستان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، 10 افراد ہلاک

بلوچستان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، 10 افراد ہلاک

بلوچستان کے ژوب اور خضدار کے اضلاع میں گزشتہ ہفتے کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضے کی وبا پھیلنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے حکام نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں شدید ڈائیریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق صوبے میں اس بیماری سے 1,300 سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ژوب ضلع میں گزشتہ 10 روز کے دوران 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

ادھر محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ خضدار کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں کئی قریبی دیہاتوں سے لوگ آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر سیف الرحمٰن کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران 100 سے زائد مریض ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

ژوب کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور الحق کے مطابق ژوب میں بھی صورتحال زیادہ مختلف نہیں ہے، جہاں ہیضے میں مبتلا 7 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے اس وبا کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق ہیضے کی وبا پر قابو پانے کے لیے خصوصی طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جا رہی ہیں۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *