Home / جاگو دنیا / بائیڈن انتظامیہ کا شرپسند اسرائیلی وزیر سے ملنے سے انکار

بائیڈن انتظامیہ کا شرپسند اسرائیلی وزیر سے ملنے سے انکار

واشنگٹن: امریکی دورے کے موقع پر بائیڈن انتظامیہ کے عہدے دار شرپسند اسرائیلی وزیر بیزلیل سموٹریچ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ فلسطینی گاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا نسل پرستانہ اعلان کرنے والے اسرائیلی وزیر خزانہ کے امریکی دورے میں بائیڈن انتظامیہ کے عہدیدار اُن سے نہیں ملیں گے۔

عرب نیوز نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ امریکی دورے پر جائیں گے، تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا گیا کہ امریکی وزیر خزانہ جینٹ یالن یا دیگر حکومتی عہدے دار اسرائیل کے وزیر خزانہ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

اسرائیل کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آباد کاروں اور فلسطینیوں کے درمیان حملوں اور پُرتشدد واقعات کے دوران ایک کانفرنس میں وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے ’حوارہ‘ نامی قصبے کو ملیامیٹ کرنے کی بات کی تھی۔

اسرائیلی وزیر خزانہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ حوارہ کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا چاہیے۔‘

تشدد کے یہ واقعات اس حملے کے بعد شروع ہوئے جس میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں کارروائی کے دوران شمالی شہر نابلس میں 11 فلسطینیوں کو شہید کیا۔

اسرائیل کے وزیر خزانہ رواں ماہ 12 تا 14 مارچ واشنگٹن میں ہوں گے، جہاں وہ اسرائیلی بانڈز کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

Check Also

بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ

بھارت کے شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش ملنے کے بعد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *