Home / جاگو صحت / وزن کم کرنے میں کون سی غذائیں معاون ہیں؟ نئی تحقیق

وزن کم کرنے میں کون سی غذائیں معاون ہیں؟ نئی تحقیق

طبی ماہرین نے ایک نئی تحقیق میں پتا لگایا ہے کہ کرکری غذائیں کھانا وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر غذا آہستہ آہستہ اور چبا کر کھائی جائے تو جسم پیٹ بھرنے کے اُس وقت کو محسوس کر لیتا ہے جو عجلت میں کھانے کے نتیجے میں نظر انداز ہو جاتا ہے، اور یوں زیادہ کھانے سے آدمی بچ جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جو افراد کھانا زیادہ چبا کر کھاتے ہیں ان کی کھانے کی مقدار کا تقریباً 20 فی صد کم ہو جاتا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ سخت یا کرکری (کرنچی) غذائیں یا وہ جنھیں نگلنے کے لیے چبانے کی زیادہ ضرورت ہو، لوگوں کو ایک ہی وقت میں زیادہ کھانا کھانے سے روک لیتی ہیں، اور آدمی پیٹ بھرنے کے حوالے سے جلدی مطمئن ہو جاتا ہے اور اس طرح وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کرکری غذاؤں اور وزن میں کمی کے درمیان تعلق کو جاننے کے لیے ایک تحقیق کی گئی، جس میں 50 افراد کے ایک گروپ کو چار مختلف لیکن ملتے جلتے لنچ دیے گئے، جس میں 2 الٹرا پروسیسڈ اور 2 کم سے کم پروسیس کیے گئے تھے، ہر کیٹیگری میں ایک کھانے کے ساتھ نسبتاً سخت اور کرکری غذائیں بھی دی گئیں۔

نیدرلینڈز کی ویگننگن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق کرکرا کھانا چوں کہ مشکل سے چبایا جا رہا تھا، اس لیے یہ کھانے والوں نے 26 فی صد کم کیلوریز استعمال کیں۔ نرم کھانوں میں کچلے ہوئے آلو، کٹی بند گوبھی والی سلاد، مچھلی کے قتلے، ڈبہ بند آم کے ٹکڑے، ذائقہ دار پتلا دہی، اور ٹارٹر ساس شامل تھی۔ جب کہ سخت کھانوں میں ابلے ہوئے چاول، ایک کرکری سلاد، چکن بریسٹ، سیب، گاڑھا غیر ذائقہ دار دہی، اور ایک ٹماٹو سالسا تھا۔

تمام کھانوں کا ذائقہ اور ان میں کیلوریزکی مقدار یکساں تھیں لیکن جنھوں نے سخت غذائیں کھائیں وہ فراہم کردہ کھانے کی کم مقدار کھا سکے اور یوں انھوں نے تقریباً 300 کیلوریز کم استعمال کیں۔ چوں کہ کرکری غذاؤں والے گروپوں میں شامل لوگوں کو غذا کو نگلنے سے پہلے زیادہ چبانا پڑتا تھا، اس لیے جس شرح سے انھوں نے کھانا کھایا اس کی رفتار نصف تک کم ہو گئی اور اس طرح انھوں نے کم غذا کھائی۔

محققین کے مطابق ایک شخص جتنا آہستہ کھاتا ہے، جسم اتنا ہی بہتر طریقے سے اس بات کا اندازہ لگا سکتا ہے کہ اس نے اب تک کتنا کھانا کھایا ہے، اس طرح وہ پیٹ بھرنے کا وقت آسانی سے نوٹ کر سکتا ہے اور مزید کھانے سے ہاتھ روک سکتا ہے۔

اس ریسرچ اسٹڈی میں شامل سخت کھانا کھانے والوں کی کم سے کم کیلوریز کی شرح 483 رہی، جب کہ نرم کھانا کھانے والوں کی شرح 790 کیلوریز رہی۔

Check Also

بلڈ ٹیسٹ سے فالج کے خطرات کی نشاندہی کرنا ممکن

امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *