Home / تازہ ترین خبر / کراچی: 7سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل

کراچی: 7سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 7سالہ بچے کے قتل کے لرزہ خیز واقعے کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

تحقیقات کے لیے قائم 6رکنی کمیٹی کی سربراہی ڈی ایس پی عزیزآباد کریں گے جبکہ کمیٹی میں ایس ایچ او یوسف پلازہ، ایس ایچ او گلبرگ کو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی میں ایس ایچ او ناظم آباد، ایس آئی یوسف پلازہ اور انسپیکٹر شفقت میو بھی شامل ہیں۔

کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر حکام کو تفتیش سے متعلق آگاہ کرے گی۔

دوسری جانب مقتول محمد ابان کی نماز جنازہ آج فیڈرل بی ایریا کی مسجد میں ادا کردی گئی جس میں سیاستدانوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یوسف پلازہ پولیس کے ایس ایچ او شاہد راؤ نے بتایا کہ پولیس نے مقتول بچے کے والد مظہر اویس کی مدعیت میں نامعلوم مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی اور بچہ کے ایم سی ہسپتال کے عقب میں واقع گلی میں انتہائی تشویشناک حالت میں ملا تھا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق بچے کا گلا کاٹا گیا تھا اور اس کے ہاتھوں پر بھی شوٹ کے نشان تھے تاہم اہلخانہ نے بچے کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ پولیس نے بتایا تھا کہ 7 سالہ بچہ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے بلاک 16 سے تشویشناک حالت میں ملا تھا، بچہ جب ملا تو سانس لے رہا تھا لیکن ہسپتال پہنچتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مقتول 7سالہ ابان کے والد مظہر اویس نے بتایا تھا کہ دوپہر میں گھر سے بیوی کی کال آئی کہ ابان غائب ہے اور تاحال گھر نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ہم نے فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کردی تھی، بہنوئی کی کال آئی کہ تصویربھیج رہا ہوں، یہ ابان تو نہیں؟ تصویر دیکھ کر بچے کو پہچان گیا، عباسی شہید ہسپتال پہنچا تو بچے کی گلا کٹی لاش ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ سے شواہد جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، علاقے کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج لینے کی بھی کوشش کی جارہی ہے، بچے کے سفاکانہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *