Home / جاگو دنیا / آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا آغاز ہوگیا

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا آغاز ہوگیا

بھارت سے تعلق رکھنے والے ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والے 3 روزہ جشن کا آغاز ہوگیا ہے۔

یہ بھارت کی سب سے مہنگی شادی ہے جو صرف بھارتی میڈیا ہی نہیں بلکہ عالمی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز بنی ہوئی ہے۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یہ صرف شادی ہی نہیں بلکہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس کا مقصد کرہ ارض کے سب سے طاقتور اور دولت مند افراد کو بھی حیران کرنا ہے۔

28 سالہ آننت امبانی اور 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے سلسلے میں تقریبات کا آغاز آج سے مغربی ہندوستانی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں ہو رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بدھ سے ہی ہوگیا تھا۔

دنیا بھر سے عالمی سطح پر شہرت کی حامل شخصیات ان تقریبات میں شریک ہونے کے لیے اس وقت بھارت میں موجود ہیں تاہم اس سے قبل مکیش امبانی اور اہلیہ نیتا امبانی نے تقریباً 50 ہزار مقامی افراد کے لیے بھی دعوت کا اہتمام کیا تھا۔

تقریباً 2000 مہمانوں کی فہرست میں بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک اور اہلیہ جیٹسن پیما، امریکی پاپ اسٹار ریحانہ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی سابق اہلیہ میلنڈا، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ، الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی، والٹ ڈزنی کے سی ای او باب ایگر سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2018 میں مکیش امبانی اور اہلیہ نیتا امبانی نے اپنی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی کی بھی اسی طرح شاہانہ شادی کا اہتمام کیا تھا، جس پر مبینہ طور پر تقریباً 100 ملین ڈالر کے اخراجات آئے تھے۔

Check Also

بھارتی شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد، حالات کشیدہ

بھارت کے شہر پٹنہ میں اسکول سے 3 سالہ بچے کی لاش ملنے کے بعد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *