Home / تازہ ترین خبر / وفاقی حکومت جون کے مہینے میں آکسیجن کے ساتھ ایک ہزار بیڈز فراہم کرے گی، اسد عمر

وفاقی حکومت جون کے مہینے میں آکسیجن کے ساتھ ایک ہزار بیڈز فراہم کرے گی، اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت جون کے مہینے میں ایک ہزار آکسیجن بیڈز فراہم کرے گی اور جولائی میں اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کورونا کے حوالے سے انتظامات کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ہسپتالوں کے عملے کی ضروریات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ہے جسے آج شام کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت جون کے مہینے میں ایک ہزار بیڈز جن میں آکسیجن کی سہولت بھی شامل ہے وہ صوبوں کو دینے کی ذمہ داری لیتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیسا کہ صوبوں کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی امداد دی جا رہی ہے اور ایک ہفتے کے اندر 250 وینٹی لیٹرز اور بیڈز دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہسپتالوں کے عملے کے لیے بھی اشیائے ضروریات کے پورے پیکج کا جائزہ لیا گیا ہے جسے آج شام کو ختمی شکل دے دی جائے گی۔

پاکستان میں کورونا کی صورتحال

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد اب مجموعی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی اموات 2067 تک پہنچ گئی ہیں۔

خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کا پھیلاؤ پورے ملک تک ہوگیا اور اب یومیہ ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں۔

فروری میں پہلے کیس سے لیکر مارچ کے آخر تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد یہ تعداد اس وقت تک 26 تک پہنچی تھی۔

ماہ اپریل میں صورتحال کچھ تبدیل ہوئی اور کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تھوڑی شدت آئی اور کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور صرف ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں اور کیسز کی مجموعی تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے زائد ہوگئیں۔

بعد ازاں جون کے مہینے کے آغاز سے ہی صورتحال تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور ایک روز میں 5 ہزار سے زائد ریکارد کیسز بھی سامنے آچکے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ جون کے پہلے ہفتے میں ہی 30 ہزار سے زائد کیسز اور 500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

Check Also

رواں ماہ کے آخر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان متوقع

رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *