Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / ہاروی وائنسٹن کے پھر کورونا وائرس کا شکار ہونے کی رپورٹس مسترد

ہاروی وائنسٹن کے پھر کورونا وائرس کا شکار ہونے کی رپورٹس مسترد

جنسی جرائم میں 23 سال کی سزا کاٹنے والے ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے ترجمان نے انہیں دوبارہ کورونا وائرس ہونے کی رپورٹس مسترد کردیں۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق ہاروی وائنسٹن کے ترجمان کے مطابق صحت کے دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی بہت زیادہ نگرانی کی جارہی ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں ان کی صحت اس وقت تشویش کا باعث بنی تھی جب یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ انہیں تیز بخار تھا اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے رپورٹس میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ شاید ہاروی وائنسٹن کورونا کا شکار ہوگئے۔

— فوٹو:اے پی
— فوٹو:اے پی

تاہم ہولی وڈ پروڈیوسر کے نمائندہ صحت کریگ روتھ فیلڈ اور ترجمان جیوڈا اینگل میئر نے کہا کہ ہاروی وائنسٹن کے بخار میں کمی آئی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم یہ بھی رپورٹ کرسکتے ہیں کہ انہیں اس وقت کورونا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہولی وڈ پروڈیوسر کو لاحق صحت کے دیگر مسائل کی وجہ سے ہاروی وائنسٹن کی نگرانی کی جارہی ہے جن میں عارضہ قلب، بلند فشار خون اور ریڑھ کی ہڈی کا سکڑنا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس مارچ کے اواخر میں ہاروی وائنسٹن میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ 14 روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے۔

ہاروی وائنسٹن رواں برس مارچ سے ایک خاتون کے ریپ کے الزام میں 23 سال جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہوں نے اپنی سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

علاوہ ازیں ہاروی وائنسٹن کے خلاف امریکا کی متعدد ریاستوں میں ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے فوجداری مقدمات کی سماعت ہونا ابھی باقی ہے۔

ابھی تک ہاروی وائنسٹن کو صرف ایک ہی کیس میں امریکی ریاست نیویارک کی عدالت نے جیل بھیجا ہے، جب کہ ان کے خلاف لاس اینجلس سمیت متعدد شہروں کی عدالت میں انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات زیر التوا ہیں۔

— فائل فوٹو: زمبیو
— فائل فوٹو: زمبیو

علاوہ ازیں ہاروی وائنسٹن کو درجنوں سول مقدمات کا بھی سامنا ہے، جن میں خواتین نے ان کے خلاف ہرجانے کے دعوے دائر کر رکھے ہیں اور انہوں نے مذکورہ خواتین کو رواں ماہ نئے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کے تصفیے کی پیش کش بھی کر رکھی ہے۔

اس سے قبل ہاروی وائنسٹن نے متعدد خواتین کے ساتھ ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں تصفیہ طے کیا تھا مگر عدالت نے ایک خاتون کی شکایت پر ان کے تصفیے کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد انہوں نے خواتین کو اضافی رقم والے تصفیے کی پیش کش کی تھی۔

ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے الزامات میں آسکر اکیڈمی نے بھی ہاروی وائنسٹن کی رکنیت ختم کر رکھی ہے، جب کہ دیگر کئی فلمی تنظیموں نے بھی ان کے خلاف کارروائی کر رکھی ہے۔

ستمبر میں ملکہ برطانیہ نے بھی ڈیڑھ دہائی قبل فلم ساز کو دیا جانے والا سول برطانوی اعزاز واپس کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *