Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / وزن پر اتنے طعنے دیے گئے کہ احساس ہوا بچے کو جنم دے کر غلطی کردی، جگن کاظم

وزن پر اتنے طعنے دیے گئے کہ احساس ہوا بچے کو جنم دے کر غلطی کردی، جگن کاظم

ٹی وی میزبان و اداکارہ جگن کاظم خواتین کی جسمانی ساخت پر لوگوں کی تنقید اور خواتین کے لیے نامناسب تبصرے کیے جانے سمیت خواتین کے وزن بڑھ جانے پر انہیں طعنے دیے جانے کے معاملے پر بھی کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔

ماضی میں جگن کاظم اعتراف کر چکی ہیں جب بھی وہ حاملہ ہوجاتیں اور ان کا وزن بڑھ جاتا تو نہ صرف مرد حضرات بلکہ خواتین بھی ان کی جسامت پر طرح طرح کے جملے کہہ کر ان کی دل آزاری کیا کرتی تھیں۔

جگن کاظم ماضی میں بھی بتا چکی ہیں کہ وہ دوران حمل وزن بڑھ جانے اور بچے کی پیدائش کے بعد وزن کم کرنے کے معاملے پر وہ ذہنی دباؤ کا شکار بھی رہی ہیں۔

تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے ہاں گزشتہ برس اکتوبر میں تیسرے بچے کی پیدائش کے تیسرے ہفتوں بعد ہی انہوں نے وزن کم کرنے کی غرض سے ورزش شروع کی تو ان کے پیٹ کے ٹانکے پھٹ گئے۔

بی بی سی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے جگن کاظم نے بتایا کہ بچی کی پیدائش کے تیسرے ہفتے بعد جب انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے ورزش شروع کی تو ان کے ٹانکوں سے خون آیا اور ان کی صحت بگڑ گئی۔

اداکارہ و میزبان نے اعتراف کیا کہ انہیں بعد میں اپنے اس قدم پر ندامت بھی ہوئی تاہم انہوں نے بتایا کہ انہوں نے یہ قدم سماجی دباؤ کے تحت ہی اٹھایا۔

جگن کاظم نے دوران حمل خواتین کے وزن بڑھ جانے کے معاملے پر لوگوں کے طعنوں پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ’گینڈا‘ و ’کٹا‘ اور ’موٹی‘ کہا گیا۔

میزبان و اداکارہ کے مطابق دوران حمل وزن بڑھ جانے پر انہیں ایسا تک کہا گیا کہ انہیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے کسی انسان نے اژدھا نگل لیا ہو۔

جگن کاظم نے بتایا کہ وزن پر طعنے دینا یا مذاق کرنا دوسرے لوگوں کے لیے مذاق ہوسکتا ہے مگر مذکورہ الفاظ سننے والے شخص کے لیے یہ برداشت سے باہر ہوتے ہیں۔

اداکارہ و میزبان کے مطابق وزن بڑھ جانے کی وجہ سے وہ آج کل اپنے کاندھے جھکا کر چلتی ہیں، تاکہ کسی بھی شخص کی نظر ان کے سینے پر نہ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بچے کے حمل کے دوران ان کا وزن 30 کلو تک بڑھ گیا تھا اور انہیں طرح طرح کے طعنے دیے گئے اور وہ لوگوں کی باتیں سن کر باتھ روم میں جاکر رویا کرتی تھیں۔

جگن کاظم نے بتایا کہ وزن بڑھ جانے پر لوگوں کے طعنے سننے کے بعد انہیں احساس ہوتا کہ شاید انہوں نے بچے کو جنم دے کر غلطی کردی۔

اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے ایسے نامناسب رویے کو ختم ہونا چاہیے اور لوگوں کو احساس ہونا چاہیے کہ ان کا مذاق دوسرے کے لیے پریشانی اور دباؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ جگن کاظم کے تین بچے ہیں، جن میں سے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں، ان کے سب سے بڑے بیٹے حمزہ کی عمر 15 سال تک ہے اور وہ انہیں ان کے پہلے شوہر سے ہیں۔

جگن کاظم کے دوسرے بیٹے حسن کی عمر 5 سال سے زائد ہے جب کہ ان کے ہاں اکتوبر 2020 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

جگن کاظم نے فیصل نقوی سے 2013 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں پہلے بیٹے حسن کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی اور اکتوبر 2020 میں جوڑے کے ہاں پہلی بیٹی ہوئی تھی۔

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *