Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں لائیو کنسرٹ پر مہوش حیات برہم

کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں لائیو کنسرٹ پر مہوش حیات برہم

گزشتہ ہفتے حکومتِ پاکستان نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تصدیق کی تھی جبکہ عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے 9 شہروں میں آج (15 مارچ) سے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

وفاقی حکومت نے جن شہروں کے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ان میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، اسلام آباد اور پشاور شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان میں مسلسل پانچویں روز کورونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تصدیق اور کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں ‘ٹیسٹ ٹیسٹ’ (Taste Test) کے نام سے 3 روزہ کلنری اور میوزیکل ایونٹ منعقد کیا گیا۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں موسیقاروں اور معروف شخصیات نے پرفارم بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جائے تو کنسرٹ میں سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایونٹ کے انعقاد پر اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے اظہارِ برہمی کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں مہوش حیات نے کہا کہ ‘یہ انتہائی مایوس کن ہے’۔

مہوش حیات نے لکھا کہ اتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ لائیو کنسرٹ کرنا مایوس کن ہے جبکہ ہم ابھی تک کورونا فری نہیں ہوئے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ‘کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور ہمیں وائرس کی تیسری مہلک لہر کا سامنا ہے، لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں’۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل حکومتِ پنجاب نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر صوبے کے 7 سب سے زیادہ کیسز والے شہروں میں لاک ڈاؤن لگا کر عوام کی نقل و حرکت محدود کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ سندھ نے 15 اپریل تک تمام کاروبار، شاپنگ مال اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *