Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / وزیراعظم کے عریانیت اور ریپ کے بیان پر جمائما کا رد عمل

وزیراعظم کے عریانیت اور ریپ کے بیان پر جمائما کا رد عمل

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے حال ہی میں اپنے سابق شوہر کی جانب سے دیے گئے خواتین کے لباس اور ’ریپ‘ سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان کے بیان کا مقصد غلط نکالا گیا ہوگا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 4 اپریل کو ٹیلی فون پر براہ راست عوام کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ملک میں بڑھتے ہوئے ریپ واقعات سے متعلق ایک خاتون کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عریانیت یا خواتین کے بولڈ لباس کو ’ریپ‘ واقعات سے جوڑا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کئی سال قبل برطانیہ بھی ایسا نہیں تھا مگر جب وہاں بھی خواتین نے عریانیت کو فروغ دیا اور مختصر لباس پہننے لگیں تو ’ریپ‘ واقعات بڑھنے لگے اور پھر فحش فلموں نے باقی کسر بھی پوری کی۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ’معاشرے میں جتنی فحاشی بڑھے گی، اس کے اتنے ہی اثرات ہوں گے اور یہ کہ ہر انسان میں اتنی طاقت نہیں ہوتی کہ وہ خود کو روک سکے‘۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

وزیر اعظم کے مذکورہ بیان پر کئی سیاسی، سماجی شخصیات اور تنظیموں نے بھی مذمت کی تھی جب کہ اب ان کی سابق اہلیہ نے بھی ان کے بیان پر خاموشی توڑ دی۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے متعدد ٹوئٹس میں عمران خان کے بیان سے اگرچہ اختلاف نہیں کیا مگر انہوں نے ان کی واضح طور پر حمایت بھی نہیں کی اور خیال ظاہر کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کے بیان کا مطلب غلط لیا گیا ہوگا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

جمائما گولڈ اسمتھ نے ایک ٹوئٹ میں برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مضمون کا لنک شیئر کیا، جس میں وزیر اعظم کے بیان پر بات کی گئی تھی۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے مذکورہ ٹوئٹ میں قرآن پاک کی ایک آیت کا ترجمہ لکھا جس میں مرد حضرات کو اپنی آنکھیں جھکائے رکھنے اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کا حکم دیا گیا تھا۔

ساتھ ہی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ قصور مرد حضرات کا ہی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں خیال ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو غلط سمجھا گیا یا اس کی وضاحت غلط کی گئی، کیوں کہ وہ جس عمران خان کو جانتی ہیں وہ ایسے نہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں اسلامی ملک سعودی عرب کا ایک واقعہ بھی سنایا اور ساتھ ہی واضح کیا کہ مسئلہ خواتین کے لباس کا نہیں ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے واقعہ بیان کیا کہ سعودی عرب میں ایک عمر رسیدہ باپردہ خاتون کو نوجوان مرد حضرات نے ہراساں کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ایسے واقعات سے بچنے کا واحد رستہ مرد حضرات کے چہرے ڈھانپنا ہے، انہیں پردہ کروانا ہے۔

اسی ٹوئٹ میں جمائما گولڈ اسمتھ نے واضح کیا کہ مسئلہ یا خرابی خواتین کے لباس میں نہیں ہے۔

خیال رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو زیادہ تر برطانیہ میں والدہ کے پاس رہتے ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی تاہم تاحال بچوں کی وجہ سے دونوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

عمران خان اور جمائما کی شادی 1995 میں ہوئی اور 2004 میں طلاق ہوگئی— فائل فوٹو:رائٹرز

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *