Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / جیو کا ڈرامہ’امِ عائشہ‘ سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز کیوں؟

جیو کا ڈرامہ’امِ عائشہ‘ سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز کیوں؟

جیو انٹرٹینمنٹ کا ڈرامہ سیریل ’امِ عائشہ‘ کا ایک سین سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

’ام عائشہ‘ جیو ٹیلی ویژن کا رمضان اسپیشل ڈرامہ سیریل ہے جو یکم رمضان سے نشر ہونا شروع ہوا اور روزانہ شام 6 بجے نشر ہوتا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی ایک نوجوان حجابی لڑکی عائشہ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار اداکارہ نمرہ خان نے ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کی گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط کا ایک سین وائرل ہو رہا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرامے کا مرکزی کردار عائشہ ایک آفس میں انٹرویو کے لیے جاتی ہے وہاں انٹرویو لینے والا شخص اسے نوکری پر رکھ لیتا ہے لیکن ساتھ ہی اسے بتاتا ہے کہ ہمارے آفس میں کسی بھی خاتون کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہے جس پر وہ نوکری کی پیشکش ٹھکرا دیتی ہے۔

اس دوران کمرے میں انٹرویو لینے والے شخص کے علاوہ ایک اور شخص بھی موجود ہوتا ہے جو حجاب سے متعلق عائشہ کی ساری گفتگو سن رہا ہوتا ہے۔

بعد ازاں، جب عائشہ گھر واپسی کے لیے اپنی بائیک اسٹارٹ کرنے والی ہوتی ہے تو وہی شخص جو انٹرویو کے دوران حجاب سے متعلق اس کی گفتگو سن رہا ہوتا ہے اس کے پاس آکر اسے اپنے آفس میں نوکری کی پیشکش کرتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین  کی جانب سے حجاب کا احترام کرنے اور اس حوالے سے ڈرامے میں پورے سین کو انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کرنے پر اداکارہ نمرہ خان اور ڈرامہ بنانے والوں کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ جیو ٹیلی ویژن اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پیشکش  ہے جس کے پروڈیوسرز عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی ہیں۔

سلیم گھانچی کی ہدایتکاری میں بننے والے اس ڈرامے کی کہانی حنا ہما نفیس نے لکھی ہے۔

 اس ڈرامے کی کاسٹ میں نمرہ خان کے علاوہ عمر شہزاد، محمود اختر، ندا ممتاز، تارا محمود، رحمہ زمان، ایمان عاصم محمود، دیا رحمٰن، محسن گیلانی، بینا چوہدری، عائشہ راجپوت اور دیگر شامل ہیں۔

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *