Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / دس سال سے ’مینو پاز‘ کی پیچیدگیوں سے گزر رہی ہوں، صبا فیصل

دس سال سے ’مینو پاز‘ کی پیچیدگیوں سے گزر رہی ہوں، صبا فیصل

سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنی صحت پر کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے ’مینو پاز‘ (menopause کے مسائل اور پیچیدگیوں سے گزر رہی ہیں۔

صبا فیصل حال ہی میں اداکارہ و میزبان عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے عمر کے حوالے سے پوچھے گئے جواب میں کہا کہ عمر صرف نمبرز کی گیم ہے، اسے صرف اعداد کے حوالے سے دیکھا جانا چاہئیے۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں آج بھی بہت سارے لوگ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھیچ رہے ہیں لیکن ان کے ساتھ کبھی اس طرح کا کوئی معاملہ نہیں ہوا۔

جب عفت عمر نے ان سے اپنی خوبصورتی اور فٹنیس کا راز پوچھا تو صبا فیصل نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ دس سال سے ’مینو پاز‘ کے مسائل سے گزر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے پہلے پانچ سال تو کسی لحاظ سے اچھے گزر گئے لیکن آخری پانچ سال میں انہیں بہت سارے مسائل اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ’مینو پاز‘ کی وجہ سے کیلشیم سمیت دوسری قدرتی چیزیں رک جاتی ہیں اور خواتین کے جسم میں بہت ساری تبدیلیاں اور مسائل ہونا شروع ہوجاتے ہیں، یہ عمر اپنا خیال رکھنے کی ہوتی ہے لیکن خواتین اسی عمر میں سست پڑ جاتی ہیں۔

صبا فیصل کے مطابق ’مینو پاز‘ کی وجہ سے انہیں جسمانی تپش محسوس ہوتی ہے اور وہ اسی تپش کی وجہ سے نیند سے بھی جاگ جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’مینو پاز‘ کی وجہ سے سانس کے گرم ہونے سمیت بہت زیادہ پسینہ آنے لگتا ہے، بے چینی ہوتی ہے اور بہت سارے مسائل بھی ہوتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مینو پاز‘ میں خواتین کے لیے بیزاری اور مشکل کے چند سیکنڈز ہی ہوتے ہیں، اس بعد حالت نارمل ہوجاتی ہے اور ایسی حالت میں خواتین کو مثبت اور ثابت قدم رہنا چاہئیے۔

صبا فیصل نے بتایا کہ جب ان کے بہنوئی کی موت ہوئی تو ان کی بہن کی حالت خراب ہوگئی اور وہ کافی بیمار اور کمزور پڑ گئے لیکن انہوں نے انہیں ہر طرح کے ملٹی وٹامنز لے کر دیے اور انہیں پابندی سے کھانے کی ہدایت کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی بہن نے ایک ہفتے تک ملٹی وٹامنز استعمال کرنے کے بعد انہیں فون کرکے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اب وہ کئی ہفتوں بعد زندہ ہوئی ہیں۔

صبا فیصل نے کہا کہ جب انسان بیمار ہوتا ہے اور اس کا جسم بھی کمزور پڑنے لگتا ہے تب اسے یہی محسوس ہوتا ہے کہ اب وہ مرنے والا ہے اور اس کی زندگی ختم ہوگئی، اسے لگتا ہے کہ زائد العمری کی وجہ سے ان عمر بھی اختتام پذیر ہوگئی لیکن ایسا نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ ’مینو پاز‘ (menopause) ایک طبی اصطلاح ہے جسے اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب خواتین کے ہاں ماہواری بند ہوجاتی ہے۔

قدرتی طور پر 50 سال سے زائد العمر خواتین کے ہاں ماہواری کا عمل بند ہوجاتا ہے اور ایسی خواتین کے لیے ’مینوپاز‘ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔

’مینوپاز‘ براہ راست کوئی بیماری نہیں بلکہ ایک قدرتی عمل ہے لیکن اس کے ہونے سے خواتین میں متعدد طبی پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔

عام طور پر اگرچہ ’مینوپاز‘ کی علامات ادھیڑ عمری کے بعد آنا شروع ہوتی ہیں لیکن بعض دیگر وجوہات کی سبب اس کی علامات نوجوان لڑکیوں میں بھی آ سکتی ہیں۔

ماہرین صحت ان لڑکیوں یا خواتین کو ’مینوپاز‘ قرار دیتے ہیں جو کسی بھی عمر میں ایک سال تک ماہواری کے عمل سے نہ گزری ہوں اور بعض مرتبہ نوجوان خواتین کی ماہواری کی بندش مختلف طبی پیچیدگیاں بھی ہوتی ہیں۔

’مینو پاز‘ کی عام علامات میں خواتین میں چڑچڑاپن، ڈپریشن، شریک حیات سے جنسی تعلق سے بیزاری، بچوں اور گھروالوں پر غصہ آنا، نیند کا نہ آنا اور شخصیت میں بدمزاجی شامل ہیں، تاہم یہ سب علامتیں دوسرے مسائل کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہیں۔

Check Also

انمول بلوچ نے حمزہ سہیل کیساتھ تعلقات پر لب کشائی کر دی

پاکستانی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی اور اداکار حمزہ سہیل کی ڈیٹنگ کی گردشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *