Home / جاگو دنیا / اسرائیل پر متوقع حملہ؟ امریکی سینٹ کام کا میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

اسرائیل پر متوقع حملہ؟ امریکی سینٹ کام کا میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

مشرقِ وسطیٰ میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کی توقع کی جا رہی ہے، ایسے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر کی فضا میں ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق میزائل یمن کے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقے سے داغا گیا تھا۔

دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ

واضح رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہو گئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کے بعد سے علاقے میں امریکی اور اسرائیلی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کی اسرائیل کو دھمکی

اس حوالے سے عید کے روز ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو دھمکی دی تھی۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے نمازِ عید پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی حکومت اسرائیل نے ایرانی سفارت خانے پر حملہ کر کے غلطی کی، اس کی اسرائیل کو سزا ضرور ملنی چاہیے اور ملے گی۔

بلوم برگ کا ایران کے حملے کا دعویٰ

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ایران، حزب اللّٰہ یا حوثی اسرائیل پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں۔

بلوم برگ کا کہنا تھا کہ ایران، حزب اللّٰہ یا حوثیوں کے حملے میں اسرائیلی فوجی یا حکومتی اہداف نشانہ بن سکتے ہیں، ڈرونز کے جھنڈ بھی اسرائیل پر حملے میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ایران کے اسرائیل پر 1 سے 2 روز میں حملے کا خدشہ

امریکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر اگلے 1 سے 2 روز میں جوابی حملہ ہو سکتا ہے۔

امریکی اور روسی شہریوں کی نقل و حرکت محدود

مغربی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے حملے کے خدشے کے پیشِ نظر امریکا نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کی نقل و حرکت محدود کر دی۔

امریکا نے اسرائیل میں اپنے سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا دی۔

امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو تل ابیب اور یروشلم سے باہر ذاتی سفر سے تا حکمِ ثانی روک دیا گیا ہے۔

روس نے بھی اپنے شہریوں کو اسرائیل، لبنان اور ملحقہ علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کمانڈر US سینٹ کام اسرائیل پہنچ گئے

دمشق حملے میں ملوث نہیں: امریکا

ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے پر امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا اسرائیل پہنچ گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جنرل مائیکل ایرک کوریلا اسرائیل کے دورے کے موقع پر اسرائیلی وزیرِ دفاع اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔

بائیڈن کا اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان

ادھر اسرائیل کے خلاف ممکنہ ایرانی حملے کے پیشِ نظر امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ایران اور اس کے پراکسیز کے خطرات کے خلاف اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

دمشق حملے میں ملوث نہیں: امریکا

امریکا کی جانب سے ایران پر واضح کیا گیا ہے کہ امریکا شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر ہوئے حملے میں ملوث نہیں ہے۔

یہ بات وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا نہیں چاہتا ہے کہ یہ تنازع مزید پھیلے۔

کرائن جین پیئر نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دمشق حملے کو تنازع بڑھانے یا امریکی تنصیبات پر حملے کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کرے۔

Check Also

کیا مکیش امبانی ہندوستان کی امیر ترین شخصیت نہیں رہے؟

ویسے تو بھارت متعدد ارب پتی شخصیات کا ملک ہے جنہوں نے اپنی دولت کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *