Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کشمور پولیس کی پُھرتی، گلوکارہ خوشبو لغاری کو اغوا سے بچا لیا

کشمور پولیس کی پُھرتی، گلوکارہ خوشبو لغاری کو اغوا سے بچا لیا

صوبہ سندھ کے شمالی ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ پولیس کی پُھرتی نے نوجوان لوک گلوکارہ خوشبو لغاری کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔

کشمور ایٹ کندھ کوٹ جرائم پیشہ گروہوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، جہاں کے ڈاکو موبائل فون پر لوگوں کو غلط معلومات دے کر انہیں وہاں کسی کام کے بہانے بلا کر اغوا کر لیتے ہیں۔

یہ وہی علاقہ ہے جہاں کے ڈاکو خواتین کی آواز میں فون کال کرکے سندھ بھر کے نوجوانوں کو وہاں بلا کر اغوا کرلیتے ہیں، جن کے بعد مغویوں کے خاندانوں سے لاکھوں روپے بٹورے جاتے ہیں۔

گزشتہ ماہ نومبر میں ہی کشمور پولیس نے کارروائی کرکے کراچی سے ملازمت کے لیے بلائی گئی خاتون اور اس کی کمسن بیٹی کو جرائم پیشہ افراد کے چنگل سے آزاد کرایا تھا۔

اور اب وہاں کی پولیس نے بروقت اقدام کرتے ہوئے نوجوان لوک گلوکارہ خوشبو لغاری کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔

خوشبو لغاری نے اپنے فیس بک پیج پر سندھی زبان میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اگر کشمور پولیس انہیں بروقت مطلع نہ کرتی تو وہ پروگرام کرنے کشمور جاتیں، جہاں انہیں اغوا کرکے کچے میں لے جایا جاتا۔

خوشبو لغاری نے بتایا کہ کچھ دن قبل ان کے والد کو کشمور سے کسی شخص نے فون کرکے کہا کہ وہ شادی کے ایک پروگرام میں گلوکارہ کو بلانا چاہتے ہیں۔

جس پر گلوکارہ کے والد نے انہیں بتایا کہ وہ پروگرام کی گارنٹی اور سیکیورٹی کی ضمانت دیں گے تو خوشبو لغاری تقریب میں شرکت کریں گی۔

گلوکارہ کے والد کی جانب سے سیکیورٹی کی ضمانت کی بات پر فون کرنے والے افراد نے یقین دہانی کرائی کہ وہ گارنٹی دینے کے لیے تیار ہیں۔

خوشبو لغاری نے بتایا کہ فون کرکے پروگرام پر بلانے کی بات کرنے والے افراد کے فون کے کچھ ہی دن بعد کشمور پولیس نے ان کے نمبر پر فون کرکے انہیں اطلاع دی کہ جن افراد نے انہیں فون کیا وہ جرائم پیشہ ہیں، اس لیے وہ ان کی دعوت پر وہاں نہ جائیں۔

گلوکارہ کے مطابق پولیس نے انہیں بتایا کہ وہ ایسے جرائم پیشہ افراد یا ضلع سے کسی کو مشکوک فون کال کیے جانے کی نگرانی کر رہی ہے، اس لیے وہ ایسے جرائم پیشہ افراد کی دعوت پر نہ جائیں۔

خوشبو لغاری نے بتایا کہ پولیس نے انہیں خبردار کیا کہ وہ ڈاکو انہیں اغوا کرکے کچے کے علاقے میں لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پولیس کی جانب سے بروقت اطلاع دیے جانے پر گلوکارہ نے کشمور پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں کو بھی بتایا کہ ایسے فون کالز سے وہ ہوشیار رہیں۔

خوشبو لغاری کون ہیں؟

بر وقت اطلاع دینے پر گلوکارہ نے پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا—فائل فوٹو: فیس بک
بر وقت اطلاع دینے پر گلوکارہ نے پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا—فائل فوٹو: فیس بک

خوشبو لغاری نوجوان لوک گلوکارہ ہیں جو گزشتہ ایک دہائی سے گلوکاری کر رہی ہیں، وہ سندھی کے علاوہ سرائیکی اور اردو میں بھی گلوکاری کرتی ہیں۔

وہ زیادہ تر لوک گانوں پر پرفارم کرتی ہیں، ان کے گانے دیہی علاقوں میں زیادہ مشہور ہیں۔

خوشبو لغاری لوک گیتوں کے علاوہ، رومانوی اور ریمیک گانے بھی گاتی ہیں، ان کے چند میوزک ایلبم بھی ریلیز ہو چکے ہیں۔

خوشبو لغاری اس وقت حیدرآباد میں مقیم ہیں اور وہ سندھ کے دور دراز دیہات میں بھی شادی و بیاہ کی تقریبات میں پرفارم کرنے جاتی رہی ہیں۔

Check Also

قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی اداکارہ نے جیل میں میک اپ کیسے کیا؟

بھارتی اداکارہ پاویتھرا گوڈا کو پولیس حراست کے دوران میک اپ میں دیکھے جانے کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *