Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کیا ناہید اختر گلوکاری کی دنیا میں واپس آرہی ہیں؟

کیا ناہید اختر گلوکاری کی دنیا میں واپس آرہی ہیں؟

پاکستان کی معروف و لیجنڈری گلوکارہ ناہید اختر جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنی سریلی آواز سے موسیقی کی دنیا میں ایک نام کمایا برسوں قبل گلوکاری کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔

لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک خاتون صحافی کی جانب سے ناہید اختر کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ اپنی آواز کا جادو جگارہی ہیں۔

عنبرین فاطمہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں گلوکارہ ناہید اختر کو پاکستانی فلم ‘میرا نام ہے محبت’ میں گایا گیا گانا ‘تجھے پیار کرتے کرتے’ گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فلم میرا نام ہے محبت 1975 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے گانے بہت زیادہ مقبول ہوئے تھے۔

ایک طویل عرصے بعد ناہید اختر کی آواز میں یہ گانا سن کر مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے کہ شاید وہ دوبارہ گلوکاری کی دنیا میں واپس آئیں۔

کبیر احمد خان نامی صارف نے لکھا کہ بہت عرصے بعد دیکھ کر بہت زیادہ خوشی اور حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

ساجد رفیق نامی صارف نے لکھا کہ ‘اگر ناہید اختر صاحبہ کا اس جیسا کوئی اور کلپ بھی آپکے پاس ہے تو پلیز سینڈ کر دیں’۔

شہزاد نامی صارف نے لکھا کہ بہت خوب ابھی بھی آواز میں تازگی اور سُر قائم ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈ گلوکارہ ناہید اختر نے سال 1970میں ریڈیو پاکستان کے لیے پہلا گانا گایا تھا جس کے بعد انہوں نے متعدد پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

انہوں نے 1974 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ ننھا فرشتہ’ کا گانا ‘دیوانہ دل’ گایا تھا اور اسی سال فلم ‘شمع’ بھی ریلیز ہوئی تھی جس میں ‘کسی مہربان نے آکے’ نے ان کی مقبولیت کو چار چاند لگادیے تھے۔

وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی نامور گلوکارہ کی حیثیت سے بھی مقبول ہوئیں اور 1980 کی دہائی میں ان کی مقبولیت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا تھا۔

ناہید اختر نے ڈراما نگار آصف علی پوتا سے شادی کی تھی اور اس کے بعد 1991 میں گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

بعدازاں سال 2013 میں لاہور آرٹس کونسل کی جانب سے اُنہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں انہوں نے شرکا کی فرمائش پر اپنے کچھ گانے گائے تھے۔

اسی دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ مکمل منصوبہ بندی کے بعد گلوکاری کے میدان میں واپس آئیں گی تاہم اس کے بعد بھی ان کی واپسی نہیں ہوئی تھی۔

لیجنڈری گلوکارہ ناہید اختر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سال 2007 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

علاوہ ازیں اپنی گلوکاری کے باعث انہیں نگار فلم ایوارڈ، پی ٹی وی کی جانب سے بہترین گلوکارہ کا اعزاز، الحمرا آرٹس کونسل کی جانب سے کمال فن ایوارڈ اور لکس اسٹائل ایوارڈز کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

—فائل فوٹو: فیس بک

Check Also

ظہیر سے شادی پر سوناکشی کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو شتروگھن سنہا کا جواب

نامور بھارتی اداکار شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی سوناکشی سنہا کی ظہیر اقبال سے شادی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *