Home / جاگو کھیل / ٹیسٹ سیریز، ویسٹ انڈیز نے لڑائی سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے

ٹیسٹ سیریز، ویسٹ انڈیز نے لڑائی سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے

 لاہور: 

ویسٹ انڈیز نے لڑائی سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے جب کہ کوچ فل سمنز نے پاکستان  کے سامنے ہوم سائیڈ کوکمزور حریف قرار دے دیا۔بارش زدہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اکلوتی فتح کی بدولت سرخرو ہونے والی پاکستانی ٹیم کا اگلا امتحان کنگسٹن کے سبینا پارک میں شیڈول2ٹیسٹ میچز میں ہوگا، طویل فارمیٹ کے اسپیشلسٹ پلیئرز بھی پاکستان سے آنے کے بعد اسکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں، پہلا مقابلہ جمعرات کو شروع ہوگا، البتہ میچ سے قبل ہی میزبان ٹیم کے حوصلے پست نظر آ رہے ہیں۔

ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ہیڈ کوچ فل سمنزنے کہاکہ پاکستانی ٹیم کیریبیئن جزائر میں ہمیشہ سخت جان حریف ثابت ہوتی ہے،گذشتہ دونوں سیریز میں اس نے میزبانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،آخری ٹور میں سرخرو بھی ہوئے، اس بار بھی مہانوں کا حوصلہ بلند ہوگا، اس کے برعکس ہماری ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیلی،پاکستان سے ہوم سیریزکے باوجود کیریبیئنز کمزور حریف کے طور پر میدان میں اتریں گے، اس کے باوجود ہم سرخرو ہونے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سیزن میں بہتر کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں مگر اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ بیٹنگ میں نمایاں بہتری لانے اور تسلسل کے ساتھ اننگز میں 400 رنز بنانے کی ضرورت ہو گی،یہ افسوس کی بات ہے کہ طویل فارمیٹ کے مقابلوں کی تیاری کیلیے کھلاڑی اچھا ہوم ورک نہیں کرسکے،اس کا انھوں نے خود اعتراف بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین ٹیم صرف97رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی،اسی لیے بیٹنگ خدشات ہیڈ کوچ کو ستا رہے ہیں۔

دوسری جانب گیانا میں پریکٹس سیشن اور انٹرا اسکواڈ میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد جمیکا پہنچنے والے مہمان اسکواڈ کا ہوٹل آمد پر کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا، تمام کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کی رپورٹس منفی آنے پر ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔

گزشتہ روز قومی اسکواڈ کا پریکٹس سیشن 3گھنٹے تک جاری رہا، کھلاڑیوں نے جسمانی استعداد بہتر بنانے کی مختلف مشقوں کے بعد سینٹر اور سائیڈ پچز پر نیٹ پریکٹس میں خود کو کیریبیئن چیلنج کیلیے تیار کیا۔

عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم اور محمد رضوان سمیت بیٹسمینوں نے طویل نیٹ سیشن کیے، پیسرز حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہنواز دھانی بھی ایکشن میں نظر آئے، اسپنرز یاسر شاہ اور نعمان علی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کوشاں رہے، مینجمنٹ ممکنہ کمبی نیشن کے حوالے سے غور کرتی نظر آئی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین اب تک 52ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں سے گرین کیپس نے 20جیتے،17میں شکست ہوئی جبکہ 15ڈرا ہوئے۔

دونوں ٹیموں کی17سیریز میں سے پاکستان 6اور کیریبیئنز 5میں سرخرو ہوئے،6میں پلڑا برابر رہا۔ویسٹ انڈیز میں ہونے والے مقابلوں میں میزبان ٹیم نے 12اورگرین کیپس نے 7میں فتح پائی،7میچز ڈرا ہوئے،کیریبیئن جزائر میں 8میں سے 4باہمی سیریزمیزبان ٹیم نے جیتیں،3ڈرا ہوئیں۔

پاکستان نے وہاں پہلی کامیابی اپریل، مئی 2017میں ہونے والے گذشتہ ٹور میں حاصل کی تھی، مصباح الحق کی قیادت میں ٹیم نے پہلا میچ 6وکٹ سے جیتا، دوسرے میں 106رنز سے ناکامی ہوئی،تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں 101رنز سے فتح کے ساتھ نئی تاریخ رقم کردی۔

کنگسٹن،جمیکا کے سبینا پارک میں ہونے والے 4باہمی مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 2،2میں کامیابی ثابت کی ہے،اس وینیو پرگذشتہ دونوں میچز پاکستان نے جیتے ہیں،جون 2015میں گرین کیپس نے 136رنزاور اپریل 2017میں 7وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Check Also

انگلینڈ کی نمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41 رنز سے شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں انگلینڈ نے نمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41 …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *