Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / کسی کو متاثر کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی خوشی کی خاطر شادی کی ہے: منظر صہبائی و ثمینہ احمد

کسی کو متاثر کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی خوشی کی خاطر شادی کی ہے: منظر صہبائی و ثمینہ احمد

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی کو متاثر کرنے کے لیے شادی نہیں کی بلکہ اہم نے محض اپنی خوشی کی خاطر شادی کی ہے، اگر کسی کو اس سے آگاہی ملتی ہے تو اچھی بات ہے۔

حال ہی میں سینئر فنکاروں کی اس جوڑی نے نجی یوٹیوب پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور شادی شدہ زندگی میں پیار، محبت، مطابقت و برابری کی اہمیت کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل ہم آہنگی کا خیال فضول ہے کیونکہ یہ شادی کے بعد ہی معلوم ہوتا ہے کہ کون کیسا ہے، البتہ شادی سے پہلے یہ ضرور دیکھ لیں کہ دونوں کی ذہنیت ملتی ہے یا نہیں، اس سے زیادہ آپ کسی کو اس وقت تک نہیں جان سکتے جب تک آپ اس کے ساتھ رہتے نہیں ہیں۔

محبت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ثمینہ احمد نے کہا کہ آپ جب خود کو کسی کے ساتھ پُرسکون محسوس کریں، ان کے سامنے دکھاوا کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے، اس کی خوشی اپنی خوشی سے زیادہ اہم لگے تو آپ کو اس سے محبت ہے تاہم منظر صہبائی کے مطابق ہر فرد واحد کے لیے محبت کی تعریف الگ ہے، اس کی تعریف ممکن نہیں ہے۔

دوران انٹرویو انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے شوق اور خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کبھی بھی وقت کا انتظار مت کیجئے بلکہ انہیں فوراً پورا کرلیجئے ورنہ زندگی میں پچھتاوے رہ جاتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کامیاب شادی کا بھی راز بتایا اور کہا کہ اپنے جیون ساتھی کی خواہشات کا احترام کیجئے اور انہیں اپنی خواہشات پوری کرنے کا موقع فراہم کیجئے۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل 2020 کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

Check Also

اداکارہ میرا کی پریس کانفرنس مریم نواز کی توجہ حاصل کرگئی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اداکارہ میرا جی کی لاہور میں پریس کانفرنس پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *