Home / جاگو کھیل / آسٹریلیا سے سیریز؛ پاکستان کیلیے کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا آخری موقع

آسٹریلیا سے سیریز؛ پاکستان کیلیے کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا آخری موقع

لاہور: پاکستان اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان آج سے 2 روزہ ٹور میچ کھیلا جائے گا جب کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل گرین کیپس کیلیے کنڈیشنز سے مکمل ہم آہنگی کا آخری موقع ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم دوسرے اور آخری وارم اپ میچ میں جمعے سے پرتھ میں ہی کرکٹ آسٹریلیا الیون کے مقابل ہوگی، گزشتہ روز گرین کیپس کی کوئی سرگرمی شیڈول نہیں تھی، ٹیم انتظامیہ نے سب کو مکمل آرام کا موقع فراہم کیا۔

آسٹریلیا ’’اے‘‘ کیخلاف سہ روزہ میچ ڈے اینڈ نائٹ تھا جوکہ پنک گیند سے کھیلا گیا تھا جبکہ یہ 2 روزہ مقابلہ دن کی روشنی میں روایتی سرخ گیند سے کھیلاجائے گا۔

پاکستانی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں متوقع ہیں، ٹیم انتظامیہ بنچ پر بیٹھے کرکٹرز کو بھی موقع دینا چاہتی ہے تاکہ پہلے ٹیسٹ کیلیے پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے کیلیے بہتر فیصلے کیے جاسکیں، انگلی زخمی ہونیکی وجہ سے سہ روزہ پریکٹس میچ میں وکٹ کیپنگ جاری نہ رکھ پانے والے محمد رضوان اب فٹنس مسائل سے نجات پاچکے تاہم ٹیم انتظامیہ انھیں فوری طورپر میدان میں اتار کرکوئی رسک نہیں لینا چاہتی، ان کی عدم موجودگی میں 3روزہ میچ کے دوسرے اور تیسرے دن عابدعلی نے بڑی عمدگی کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے ذمہ داریاں نبھائی تھیں، رضوان کو کھیلنے کا موقع دینے سے قبل ایک بار پھر ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیمیں 29نومبر سے ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں پنک گیند کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گی۔

Check Also

ارشد ندیم جنوبی افریقا میں سخت ٹریننگ کے مرحلے میں داخل

اولمپیئن ارشد ندیم جنوبی افریقا میں سخت ٹریننگ کے مرحلے میں داخل ہوگئے۔ ارشد ندیم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *