اداکارہ مہوش حیات نے امریکی اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو اپنے گھر بارات لانے کی دعوت دی ہے۔
اداکارہ نے اپنی شادی سے متعلق گزشتہ دنوں جیو نیوز کے پروگرام ایک دِن جیو کے ساتھ میں گفتگو کی تھی جس کا ایک ویڈیو کلپ آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
مہوش حیات نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت زیادہ پریکٹیکل اور حقیقت پسند ہوں، چاہتی ہوں کہ جیون ساتھی رومانوی ہو تاکہ چیزوں کو متوازن طریقے سے لے کر چلا جائے۔
اداکارہ نے اپنی پسندیدگی سے متعلق کہا کہ مجھے سب سے بڑا کرش امریکی اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو پر تھا اور اب بھی ہے۔
![مہوش حیات نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کی: فائل فوٹو لیونارڈو ڈی کیپریو](https://urdu.geo.tv/assets/uploads/updates/2021-08-11/261227_6265878_updates.jpg)
مہوش نے لیونارڈو ڈی کیپریو سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ جیو دیکھ رہے ہیں اور میری آواز آپ تک پہنچ رہی ہے تو آپ بارات لے کر آنا چاہتے ہیں تو میں تیار ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب تک پاکستان میں ایسا کوئی نہیں ملا جسے دیکھ کر گھنٹی بجی ہو۔