Home / جاگو ٹیکنالوجی / شمسی سیل میں باریک سوراخ کرکے انہیں شفاف بنانے میں کامیابی

شمسی سیل میں باریک سوراخ کرکے انہیں شفاف بنانے میں کامیابی

جنوبی کوریا: 

کیا شفاف سولر (شمسی) سیل بنائے جاسکتے ہیں ؟ اس کا جواب اب جنوبی کوریا کے ماہرین نے ایک دلچسپ ٹیکنالوجی کے ذریعے دیا ہے۔

السن نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (یواین آئی ایس ٹی) کے سائنسدانوں نے شمسی سیل کو شفاف بنانے کے لیے ایک بہت انوکھا طریقہ دریافت کیا ہے۔ انہوں نے سیلوں پر بہت قریب قریب انتہائی باریک سوراخ کئے ہیں جنہیں دور سے دیکھا جائے تو سولرسیل قریباً شفاف دکھائی دیتا ہے۔

اس طرح آر پار دکھائی دینے والے ایسے شفاف شمسی سیل کا خواب پورا ہوگا جو عمارتوں کی روشنی بھی نہیں روکیں گے اور ان کی تنصیب سے پوری دنیا میں توانائی کی زبردست مقدار حاصل کی جاسکے گی۔ تحقیقی ٹیم سے وابستہ کوان یونگ سیو نے بتایا کہ عمارتیں اونچی ہورہی ہیں اور ان میں کھڑکیاں مزید پھیل رہی ہیں اور ایسے میں یہ ایجاد بہت مفید ہے ۔ ایسے سیل اس سے پہلے بھی بنائے گئے ہیں لیکن وہ بجلی بنانے میں بہت اچھے نہیں اور ان سے چھن کر آنے والی روشنی نیلی اور سرخ ہوجاتی ہے جو عمارت میں بیٹھے افراد کو گراں گزرتی ہے۔

جنوبی کوریا کے ماہرین نے کرسٹلائن سلیکن کے ٹکڑوں پر طبع آزمائی کی اور اس میں باریک باریک سوراخ کردیئے۔ ہر سوراخ کی موٹائی ایک سو مائیکرومیٹر ہے جو انسانی بال کی موٹائی کےبرابر ہے۔ ان سوراخوں سے روشنی اندر آجاتی ہے اور دور سے دیکھنے پر وہ شفاف یا کسی چھلنی کی مانند دکھائی دیتے ہیں۔

اس کے باوجود سیل کے ٹھوس حصے پر روشنی پڑتی ہے تو 12 فیصد افادیت سے بجلی بناتا ہے جبکہ دیگر شفاف سیل بہت سے بہت 4 فیصد روشنی کو ہی بجلی بناسکتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ مارکیٹ میں دستیاب بہترین سولر سیل اور پینل 20 فیصد افادیت پر کام کررہے ہیں۔

اگلے چند ماہ میں کوان یونگ سیو اور ان کے ساتھی مزید تحقیق سے ایسے شفاف سولر سیل پر کام کریں گے جن کی افادیت 15 فیصد تک حاصل ہوسکے۔ اسی کے بعد ہی شفاف سولر سیل کو مارکیٹ میں پیش کیا جاسکے گا ورنہ اس کی حیثیت محض نمائشی ہی رہے گی۔

Check Also

ویب سائٹس پر کام کرنے والوں کیلئے خوشخبری

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال ہماری ڈیجیٹل سرگرمیوں کا ایک بڑا حصہ بنتا جا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *