Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / علی ظفر ‘طیفا ان ٹربل’ کے بعد سینما اسکرینز سے کیوں غائب ہیں؟

علی ظفر ‘طیفا ان ٹربل’ کے بعد سینما اسکرینز سے کیوں غائب ہیں؟

پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار علی ظفر بولی وڈ میں تو کئی فلموں کا حصہ بن چکے ہیں لیکن پاکستانی سینما انڈسٹری میں انہوں نے 2018 میں ‘طیفا ان ٹربل’ کے ساتھ ڈیبیو کیا۔

اس فلم میں علی ظفر کے ہمراہ مایا علی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

واضح رہے کہ طیفا ان ٹربل پاکستانی باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہی جس کے بعد علی ظفر نے فلم کے سیکوئل کا بھی اعلان کیا تھا۔

البتہ طیفا کے بعد سے اب تک علی ظفر اسکرین پر دوبارہ کام کرتے نظر نہیں آئے۔

اس حوالے سے علی ظفر نے انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ جلدی جلدی کوئی کام کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔

علی ظفر نے اپنے بولی وڈ کیریئر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘جب میں بولی وڈ میں کام کرتا تھا تب بھی سال میں ایک فلم کرتا تھا، کیوں کہ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے میوزک پر بھی فوکس رکھتا ہوں’۔

اسکرین نے غائب رہنے کے حوالے سے علی ظفر نے بتایا کہ وہ اس وقت ‘طیفا ان ٹربل’ کے سیکوئل کی شوٹنگ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں چاہتا ہوں کہ عوام کے سامنے جب بھی کوئی کام پیش کروں تو اس کا معیار ایسا ہوں جس کی لوگ مجھ سے امید رکھتے ہیں’۔

علی ظفر نے انکشاف کیا کہ وہ طیفا ان ٹربل 2 کے ساتھ ساتھ 2 اور فلموں پر بھی کام کررہے ہیں۔

فلم میں دوبارہ مایا علی کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے علی ظفر نے کہا کہ سیکوئل کی ہیروئن کا نام وہ ابھی نہیں بتائیں گے، یہ سرپرائز ہے۔

ان کے مطابق وہ اپنی پروڈکشن کمپنی ‘لائٹ اینگل’ کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی کوشش کررہے ہیں کیوں کہ پاکستان میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ‘میں زیادہ سے زیادہ نوجوان ٹیلنٹ، خاص طور پر خواتین کو سامنے لانا چاہتا ہوں، کیوں کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کا میوزک انڈسٹری کا حصہ بننا ممنوع سمجھا جاتا ہے’۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ معاشرے کی جانب سے انہیں جو عزت اور پیار ملا وہ اسے لوٹائیں اور نئے لوگوں کی مدد کریں۔

انڈسٹری میں اپنے بھائی کو سپورٹ کرنے کے سوال پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ان کا ماننا ہے کہ کامیابی کے لیے جدوجہد ضروری ہے، لیکن وہ اپنے بھائی کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ موجود ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں دانیال ظفر کا ایک گانا ‘بلو بٹرفلائے’ سامنے آیا تھا جس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس گانے پر ہونے والی تنقید پر تبصرہ کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ ‘وہ گانا انگریزی میں ہے اور مجھے اندازہ تھا کہ اس پر ایسا ردعمل سامنے آئے گا، تاہم اس گانے کو بین الاقوامی سطح پر پسند کیا گیا’۔

پاک بھارت تنازع پر اپنی رائے دیتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ اصل مسئلہ کشمیر کا ہے، ایک بار یہ حل ہوجائے گا تو کئی راہیں ہموار ہوجائیں گی اور دونوں ممالک کی فلمی صنعتیں آگے بڑھیں گی۔

Check Also

اداکارہ میرا کی پریس کانفرنس مریم نواز کی توجہ حاصل کرگئی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اداکارہ میرا جی کی لاہور میں پریس کانفرنس پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *