Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / بلاگر عظیم خان نے الزامات لگانے والی خواتین کے معاملے پر نیا پنڈورا باکس کھول دیا

بلاگر عظیم خان نے الزامات لگانے والی خواتین کے معاملے پر نیا پنڈورا باکس کھول دیا

بلاگر عظیم خان نے حال ہی میں اپنے اوپر ہراسانی اور ریپ کی دھمکیاں دینے کے الزامات لگانے والی خواتین کے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

عظیم خان حال ہی میں اس وقت خبروں میں آئے جب اداکارہ صبا قمر نے ان سے مستقبل میں شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

صبا قمر نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ عظیم خان پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلاگر و یوٹیوبر ہیں اور وہ مستقبل میں شادی کرنے جا رہے ہیں۔

صبا قمر کی جانب سے عظیم خان سے شادی کا ارادہ ظاہر کیے جانے کے بعد بلاگر کے خلاف چند خواتین نے جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور ایسی خواتین میں اجالا نامی لڑکی بھی شامل تھی۔

اجالا نے صبا قمر کے ساتھ دبئی میں کھچوائی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کو کہا تھا کہ وہ عظیم خان سے شادی کرنے سے قبل آنکھیں کھول کر ان کا کردار دیکھیں۔

اجالا نے دعویٰ کیا تھا کہ عظیم خان نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا اور اب انہیں قتل و ریپ کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

صبا قمر نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ عظیم خان سے شادی کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
صبا قمر نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ عظیم خان سے شادی کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اجالا کے دعوؤں کے بعد اگرچہ عظیم خان نے پہلے بھی ویڈیو بیان شیئر کیا تھا مگر اسے انہوں نے ڈیلیٹ کردیا تھا اور اب انہوں نے ایک اور ویڈیو میں خود پر لگائے گئے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

عظیم خان نے انسٹاگرام پر 7 منٹ دورانیے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خود پر الزام لگانے والی خواتین سے متعلق حیران کن انکشافات کیے اور بتایا کہ انہیں سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

عظیم خان نے دعویٰ کیا کہ دراصل وہ الزام لگانے والی خواتین کی جانب سے سوشل میڈیا پر بنائے گئے پرائیوٹ چیٹ گروپس کا حصہ تھے اور مذکورہ چیٹ گروپس میں نامناسب باتیں ہوا کرتی تھیں۔

عظیم خان پر خواتین کے الزامات کے بعد صبا قمر نے فوری طور پر عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عظیم خان پر خواتین کے الزامات کے بعد صبا قمر نے فوری طور پر عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بلاگر نے بتایا کہ ان پر الزام لگانے والی خواتین نے مکمل کہانی نہیں بتائی، انہوں نے صرف یہ الزام لگایا کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے، انہیں ریپ کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

عظیم خان کے مطابق ان پر الزامات اس وقت لگنا شروع ہوئے جب انہوں نے پرائیوٹ چیٹ گروپس میں خواتین سے اختلاف کرنا شروع کیا اور وہاں سچ بولنے لگے۔

عظیم خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پرائیوٹ چیٹ گروپس میں لڑکوں کی سوشل میڈیا پروفائلز اور پوسٹس کو شیئر کرکے، ان پر نامناسب تبصرے کیے جاتے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس خاتون نے ان پر الزامات لگائے، وہ ایک ایسے گروپ چیٹ کی ایڈمن تھیں، جہاں صرف ان افراد کو ایڈ کیا جاتا تھا جو ہم جنس پرستی کی حمایت کرتے ہوں اور طارق جمیل کی پوسٹس سے اختلاف کرتے ہوں۔

ان کے مطابق مذکورہ چیٹس گروپس میں لاکھوں افراد شامل تھے اور ایسے ہی ایک گروپ میں ایک حاملہ خاتون اور ان کے خاندان سے متعلق نامناسب باتیں کی گئیں، جس پر مذکورہ خاتون کا حمل ضائع ہوگیا۔

انہوں نے حیران کن دعویٰ کیا کہ ایک گروپ میں خواتین انتہائی نامناسب پوسٹس کرتی تھیں جو یقینا پاکستانی ثقافت کا حصہ نہیں ہے۔

عظیم خان کے مطابق ایک گروپ چیٹ میں خواتین پوسٹس کرتی تھیں کہ ان کے شوہر کی سالگرہ ہے اور وہ شوہر کو سالگرہ پر خاص تحفہ دینا چاہتی ہیں اور پھر وہ دوسری خواتین سے نامناسب رائے مانگتی تھیں۔

ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ دراصل وہ مذکورہ پرائیویٹ چیٹس گروپس کی پوسٹس سے اختلاف کرتے تھے اور سچ بولتے تھے، جس وجہ سے انہیں سچ بولنے کی سزا دی گئی اور ان پر الزامات لگائے گئے۔

ویڈیو کے آخر میں عظیم خان نے صبا قمر کے حوالے سے کہا کہ وہ ان کی محبت ہیں اور وہ انہیں منائیں گے اور انہیں منانے تک کا انتظار کریں گے۔

عظیم خان نے دعویٰ کیا کہ صبا قمر کو ان پر لگائے گئے الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور جو کچھ بھی ہوا، اس کے وہ خود ذمہ دار ہیں، صبا قمر کا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں۔

مذکورہ ویڈیو کے کیپشن میں عظیم خان نے لکھا کہ وہ مذکورہ ویڈیو وضاحت کے لیے جاری نہیں کر رہے بلکہ وہ ان پر لگائے جانے والے الزامات سے متعلق سوالوں کے جوابات دے رہے ہیں۔

انہوں نے طویل کیپشن میں لکھا کہ اب وہ سمجھ گئے ہیں کہ سچ بولنے کی کتنی اور کیا سزا ہوتی ہے؟

Check Also

پریانکا چوپڑا نے راگھو چڈھا کو مہذب قرار دے دیا

عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے سیاسی رہنما راگھو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *