Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / لاہور میوزیم پر بنی اجوکا تھیٹر کی دستاویزی فلم نے امریکی ایوارڈ جیت لیا

لاہور میوزیم پر بنی اجوکا تھیٹر کی دستاویزی فلم نے امریکی ایوارڈ جیت لیا

لاہور میوزیم پر اجوکا تھیٹر کی دستاویزی فلم نے امریکی ریاست ورجینیا میں منعقد ہونے والے گلوبل فلم اینڈ میوزک فیسٹیول میں بہترین ثقافتی دستاویزی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

‘پاکستان بیسٹ کیپٹ سیکریٹ: لاہور میوزیم’ کے عنوان سے بنائی گئی دستاویزی فلم کی ہدیات شاہد ندیم نے دی تھیں اور سموسہ میڈیا (برطانیہ) نے اسپانسر کیا تھا۔

گلوبل فلم اینڈ میوزک فیسٹیول کی ڈائریکٹر سیما سیٹھی نے کہا کہ یہ دستاویزی فلم ناظرین کو پاکستان کی تاریخ کے دلچسپ سفر پر لے کر جاتی ہے اور لاہور میوزیم میں موجود منفرد مجموعے سے متعلق آگاہی پیدا کرتی ہے۔

اسی دستاویزی فلم نے رواں برس کے آغاز میں دہلی میں منعقد ہونے والے انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین دستاویزی فلم کا انڈس ویلی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

یہ دستاویزی فلم وسیع پیمانے پر برطانیہ اور پاکستان کے مختلف میوزیمز اور تعلیمی اداروں میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہے اور اسے فیس بک پر تقریباً 3 کروڑ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

دستاویزی فلم میں سموسہ میڈیا اور کے انور اختر اور اجوکا کے شاہد ندیم، لاہور میوزیم کی ڈائریکٹر سمیرا صمد کے ساتھ لاہور میوزیم کی سیر کراتے ہیں جو انڈس ویلی گیلری سے شروع ہو کر آرٹ گیلری پر ختم ہوتی ہے۔

لاہور میوزیم کی نوادرات پر مبنی یہ دستاویزی فلم اس سرزمین کی 5 ہزار برس پرانی تاریخ کا سفر ہے۔

مئی 2019 میں اس دستاویزی فلم کا پریمیئر بیک وقت لاہور میں واقع انسٹیٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر اور لندن کی برک بیک یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔


Check Also

عاصم اظہر کی انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجہ سامنے آگئی

پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار و اداکار عاصم اظہر نے بڑی خبر سنا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *