Home / جاگو انٹرٹینمنٹ / سجل علی کی پہلی ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی؟

سجل علی کی پہلی ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی؟

گزشتہ ماہ 15 جنوری کو خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستانی اداکارہ سجل علی کو برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ اور بھارتی فلم ساز شیکھر کپور کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) میں کاسٹ کرلیا گیا۔

اور اب سجل علی نے فلم کی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کی ہیں، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستانی اداکارہ کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔

سجل علی کی مذکورہ فلم اگرچہ برطانوی فلم ہے مگر اس فلم کو امریکی اداروں اور اداکاروں کے ساتھ اشتراک سے بنایا جا رہا ہے اور اسے ہولی وڈ پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے ہی ریلیز کیا جائے گا تو اسے ہولی وڈ فلم ہی کہا جا رہا ہے۔

ہولی وڈ فلمیں عام طور پر امریکی فلموں کو کہا جاتا ہے تاہم برطانیہ کی ایسی فلموں کو بھی ہولی وڈ فلموں کا درجہ دیا جاتا ہے، جن میں امریکی ادارے یا اداکار کام کر رہے ہوں۔

سجل علی نے اگرچہ پاکستانی و بولی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں تاہم جلد ہی وہ پہلی ہولی وڈ فلم میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

سجل علی اور جمائما گولڈ اسمتھ نے 16 فروری کو ایک ساتھ کھچوائی گئی تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا، جن کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ ان کی آنے والی فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔

اگرچہ دونوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی یا نہیں تاہم سجل علی کی جانب سے جمائما کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر میں ’خوبصورت یادوں‘ کا جملہ استعمال کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سجل علی فلم میں کس طرح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی تاہم ممکنہ طور پر وہ کسی کم عمر لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) نامی فلم کی کہانی برطانوی و ایشیائی جوڑے کے رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے جب کہ وہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں، فلم کی کاسٹ میں سجل علی، بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی، پاکستانی نژاد برطانوی اداکار شاہد لطیف، برطانوی اداکارہ للی جیمز اور ایما تھامپسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

چہ مگوئیاں ہیں کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے مذکورہ فلم کی کہانی اپنی ذاتی زندگی سے متاثر ہوکر لکھی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

مذکورہ فلم سے قبل بھی جمائما گولڈ اسمتھ فلمیں، شوز اور دستاویزی فلمیں پروڈیوس کر چکی ہیں۔

جب کہ ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کی ہدایت کاری کرنے والے بھارتی فلم ساز شیکھر کپور بھی ماضی میں ہولی وڈ فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

شیکھر کپور مذکورہ فلم کی ہدایات دینے سے 13 سال بعد عالمی فلمی دنیا میں واپسی کریں گے، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جنہیں بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

جمائما لوگڈ اسمتھ پاکستان کے حالیہ وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ہیں اور دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی جبکہ ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں پاکستانی نژاد شاہد لطیف بھی شامل ہیں—فائل فوٹو: اے پی/ انسٹاگرام،

Check Also

بھارتی اداکارہ کا ٹیلی ویژن سیریل کے پروڈیوسر پر ہراسانی کا الزام

بھارت کی ٹیلی ویژن اداکارہ کرشنا مکھری جی نے سیریل شبھ شگن کے پروڈیوسر پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *