Home / جاگو کھیل / اہم بیٹھک؛ سری لنکن بورڈ کی معطلی سمیت ون ڈے سپر لیگ کی بحالی پر غور

اہم بیٹھک؛ سری لنکن بورڈ کی معطلی سمیت ون ڈے سپر لیگ کی بحالی پر غور

 لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کے منگل کو اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، سری لنکن بورڈ کی معطلی اور انڈر 19 ورلڈکپ میزبانی کے معاملات پر بات چیت ہوگی جبکہ ون ڈے کرکٹ سپر لیگ کی بحالی کے مطالبے پر بھی غور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ فائنل کے 2 روز بعد آئی سی سی بورڈ کا اجلاس منگل کو احمد آباد میں ہوگا، ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘ کے مطابق میٹنگ میں سری لنکن بورڈ کی معطلی کا معاملہ زیر غور آئے گا، اسے جنوری، فروری میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈکپ کی میزبانی سے محروم ہونا پڑسکتا ہے، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو سیاسی مداخلت کے معاملے کی چھان بین کا کام سونپا گیا تھا،ان کی رائے اہمیت کی حامل ہوگی۔

ون ڈے کرکٹ کے مستقبل کا بھی فیصلہ متوقع ہے، ورلڈکپ 2027 کے جنوبی افریقا اور نمیبیا کے ساتھ مشترکہ میزبان زمبابوے سمیت چند ملک سپر لیگ کی بحالی پر زور دے رہے ہیں، میگا ایونٹ میں 14 ٹیموں کی شرکت کیلیے کوالیفائنگ کا طریقہ کار پہلے ہی طے ہوچکا،اس لیے سپر لیگ کی واپسی کا فیصلہ ہوا بھی تو اطلاق 2028 سے ہوگا۔

آئی سی سی ہائی پرفارمنس پروگرام کی بحالی کیلیے بھی کوئی فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے، گزشتہ دہائی کے آخر میں یہ پروگرام ختم کردیا گیا تھا جس سے ایسوسی ایٹ ممبرز کیلیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع کم ہوئے، بحالی سے پلیئرز ڈیولپمنٹ اور انتظامی اسٹرکچر کو منظم کرنے کے راستے کھلیں گے۔

نئے ڈسٹری بیوشن ماڈل میں ممبرز کیلیے مختص فنڈز میں سرپلس رہ جانے والوں کو مختلف منصوبوں پر خرچ کرنے پر بھی بات ہوگی،ان کی مالیت 100ملین امریکی ڈالر کے قریب بتائی جارہی ہے،اولمپکس 2028میں کرکٹ کو شامل کیے جانے کا فیصلہ کیے جانے کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔

Check Also

انٹرنیشنل کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو زیادہ اہمیت دینے لگ گئےانٹرنیشنل کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو زیادہ اہمیت دینے لگ گئے

انٹرنیشنل کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو زیادہ اہمیت دینے لگ گئے۔ ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *