Home / تازہ ترین خبر / گوادر: پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، دو افسران اور ایک اہلکار شہید

گوادر: پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، دو افسران اور ایک اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 2 افسران سمیت 3 جوان شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےگوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک بحریہ کے افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہدا کی کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ، وطن کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہارِ ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ورثا کے غم میں برابر شریک ہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے تعزیتی بیان میں کہا کہ گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے افسوس ناک ناک حادثے میں تین اہلکاروں کی شہادت کا سن کر بہت کرب اور تکلیف ہوئی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک شہدا کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر بے حد افسوس ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ شہید ہونے والے جوان اور افسران کے درجات بلند فرمائے، قوم کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں، اللّہ ان کے خاندانوں کو صبرِ جمیل اور اجر عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر قومی اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ راجا پرویز اشرف نے حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی ملک اور قوم کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ 2 اگست 2022 کو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا، جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔ تاہم بعدازاں ہیلی کاپٹر کا ملبہ دریافت کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کا بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں سیلاب ریلیف کارروائیوں کے دوران رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

Check Also

کراچی، لاہور اور صوابی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش اور بدترین لوڈ شیڈنگ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *